فارمولا ون: نيکو روزبرگ برٹش گراں پری کے فاتح
1 جولائی 2013برطانيہ کے سلور اسٹون ٹريک پر مرسڈيز ٹيم کے جرمن ڈرائيور نيکو روزبرگ نے مقررہ ہدف ايک گھنٹہ، بتيس منٹ اور انسٹھ سيکنڈوں ميں طے کرتے ہوئے کاميابی حاصل کی۔ روزبرگ نے ريس کے اختتام سے گيارہ ليپس قبل ہی برتری حاصل کر لی تھی تاہم اختتامی سات ليپس ميں سنسنی خير مقابلےکے بعد انہوں نے دوسرے نمبر پر آنے والے ريڈ بل ٹيم کے مارک ويبر کو صرف اعشاريہ سات سيکنڈوں سے ہرايا۔ روزبرگ کے بقول اس تاریخی ٹریک پر فتح حاصل کرنا ان کے لیے بہت ہی خاص اہمیت کا حامل ہے۔
يہ فارمولا ون کے حاليہ سيزن کی گزشتہ تين ريسوں ميں روزبرگ کی دوسری کاميابی تھی۔ وہ اس سے پہلے پچھلے دنوں ہونے والی موناکو گراں پری بھی جيت چکے ہيں جبکہ ان کے کيريئر کی کل فتوحات کی تعداد اب تين ہو گئی ہے۔
برطانوی گراں پری میں ریڈ بل ٹيم کے مارک ویبر دوسرے جبکہ فیراری ٹیم کے فیرنانڈو آلانسو تیسرے نمبر پر آئے۔ چوتھی پوزيشن کے حقدار ميزبان ملک کے ڈرائيور لوئيس ہيملٹن ٹھہرے، جو مرسيڈيز ہی کے ليے ڈرائيونگ کرتے ہيں۔ ريس ميں لوٹس کے فن لينڈ سے تعلق رکھنے والے ڈرائيور کيمی رائيکونن پانچویں پوزيشن پر آئے۔ موجودہ عالمی نمبر ایک اور گزشتہ تين برسوں سے لگاتار فارمولا ون چيمپئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل گاڑی میں خرابی پيدا ہونے کی وجہ سے يہ ریس مکمل نہیں کر سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی برٹش گراں پری ريس کے دوران چار مختلف گاڑيوں کے ٹائروں ميں بھی نقص پيدا ہوئے۔
ريس کے اختتام پر جرمن ڈرائيور سباستيان فيٹل اب بھی 132 پوائنٹس کے ساتھ فارمولا ون رينکنگ ميں سر فہرست ہیں۔ دوسرے نمبر پر ہسپانوی ڈرائيور فرنانڈو آلانسو ہيں، جن کے پوائنٹس کی تعداد 111 ہے جبکہ تیسرے نمبر پر فن لينڈ کے کیمی رائيکونن براجمان ہیں۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 98 ہے۔
دوسری جانب کنسٹرکٹرز چيمپئن شپ ميں ريڈ بل ٹيم سر فہرست ہے جبکہ دوسرے نمبر پر اب مرسيڈيز کی ٹيم موجود ہے۔ فارمولا ون سيزن ميں اگلی ريس ايک قريب ايک ہفتے بعد جرمنی کے شہر نيورمبرگ ميں منعقد ہو رہی ہے۔