فارمولا ون سیزن کا آغاز
12 مارچ 2012سباستیان فیٹل کے مطابق وہ فارمولا ون کے بہترین ڈرائیوروں میں شمار ہونے کے لیے اس مرتبہ بھی کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ کام مشکل تو ہے، ناممکن نہیں۔
اس مرتبہ شروع ہونے والی ریس میں Kimi Raikkonen کی واپسی کے ساتھ ہی ٹریک پر ایک ساتھ چھ ورلڈ چیمپئن نظر آئیں گے۔ پہلی ریس آسٹریلیا میں ہوگی اور یہ پہلا سال ہے، جب کل 20 ریسز منعقد کی جائیں گی۔ گزشتہ سال بحرین میں جاری مظاہروں کی وجہ سے وہاں گراں پری ریس نہیں ہو پائی تھی، اس بار وہاں بھی کاریں دوڑیں گی، ٹیکساس کے Austin شہر میں پہلی بار فارمولا ون ریس ہونے والی ہے۔
24 سالہ فیٹل نے گزشتہ سال 19 میں سے 11 ریسوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریڈ بُل ٹیم کے لیے بڑی آسانی سے ٹرافی جیت لی تھی۔ لیکن اس سال شاید یہ سب کچھ اتنا آسان نہ ہو۔ اس بار فراری کی ٹیم اپنی ساری طاقت لگا دینے کی کوشش کرے گی، جبکہ مرسڈيز کی ٹیم بھی نئی طاقت کے ساتھ ٹریک پر اترنے کی کوشش کرے گی۔ اس ریس میں فیٹل کے علاوہ سات مرتبہ ورلڈ چیمپئن رہنے والے ریکارڈ ہولڈر میشائیل شوماخر، پانچ مرتبہ کے چیمپئن Juan Manuel Fangio فراری کے دو بار کے عالمی چیمپئن فرناندو آلانسو، جینسن بٹن اور لوئس ہملٹن بھی ٹریک پر ہوں گے۔
مرسڈيز ٹیم کے سربراہ روس براؤن کا کہنا ہے، ’’مجھے لگتا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں کا یہ سب سے مشکل سیزن ہوگا۔ فارمولا ون کے لیے یہ اچھا ہے کہ اتنے سارے چمپئن ٹریک پر ہوں گے۔‘‘
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر سابق عالمی چیمپئن کِیمی رائکونِن اسپین کے علاقے مونٹ میلو میں پری سیزن فارمولا ون کے آزمائشی مرحلے کے آخری روز سب سے تیز رفتار ڈرائیور رہے اور اسی وجہ سے کہا جا رہا ہے کہ وہ حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
اٹھارہ مارچ کو شروع ہونے والے فارمولا ون سیزن کا اختتام رواں برس 25 نومبر کو برازیل گراں پری سے ہوگا۔ برازیل گراں پری فیٹل کی 100 ویں ریس بھی ہوسکتی ہے اور ممکنہ طور پر وہ مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئن بننے والے کم عمر ترین ڈرائیور بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: افسر اعوان