شکست کے لیے ذمہ دار ہیں، مصباح الحق
28 فروری 2012ابوظہبی میں پیر کو کھیلے گئے اس میچ کا فیصلہ کھیل کے آخری اوور میں ہوا اور انگلینڈ کی ٹیم پانچ رنز سے یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ بعدازاں اس میچ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مصباح نے کہا: ’’میں کیا کہہ سکتا ہوں۔ میچ نہ جیت پانا بہت ہی مایوس کن رہا۔ ہدف مشکل نہیں تھا اور آخری تین اوورز میں ہمیں تئیس رنز درکار تھے، لیکن ہم ناکام رہے۔ اس ہار کے لیے ہم ذمہ دار ہیں۔‘‘
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو قدرے آسانی سے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 107 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ اس وقت تک انہیں جیت کے لیے تئیس مزید رنز درکار تھے جبکہ تین اوور باقی تھے۔
مزید ایک اوور گزر جانے پر پاکستان کے سامنے سترہ رنز کا ہدف تھا۔ تاہم انگلش بولرز اسٹیورٹ براڈ اور جیڈ ڈیرن بیچ چیلنج سے پیچھے ہٹتے دکھائی نہیں دیے اور انہوں نے فائنل اوور میں جیت اپنے نام کر لی۔
براڈ نے انیسویں اوور کی تیسری گیند پر عمر اکمل کو آؤٹ کیا، جو بائیس رنز کے ساتھ اچھے جا رہے تھے۔ اس اوور میں براڈ نے چار ہی رنز دیے۔ آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے سترہ رنز چاہیے تھےاور اس اوور کے لیے گیند ڈیرن بیچ کے ہاتھ میں تھی۔ انہوں نے پاکستانی بیٹسمینوں کا راستہ کامیابی سے روکا اور آخری گیند پر مصباح الحق کو آؤٹ بھی کر دیا۔ اسی اوور میں شاہد آفریدی نے بھی تیزی دکھانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی رن آؤٹ ہو گئے۔
ڈیرن بیچ نے اس میچ کے دوران چوبیس رنز دیے اور دو وکٹیں لی۔ قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اویس ضیا اور اسد شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں چالیس رنز بنائے، جس کے بعد یہ دونوں کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
تین میچز کی اس سیریز کا پہلا اور دوسرا میچ دبئی میں کھیلا گیا تھا۔ پہلا میچ پاکستان نے آٹھ رنز سے جیت لیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 38 رنز سے شکست دی تھی۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے
ادارت: حماد کیانی