شنگھائی گراں پری، فیرنانڈو الانسوکی نو ماہ بعد جیت
14 اپریل 2013فیرنانڈو الانسو فارمولان ون کار ریسنگ کے مقابلوں میں عالمی نمبر ایک بننے کی دوڑ میں ایک مرتبہ پھر شامل ہو گئے ہیں۔ چین میں ہونے والی ریس جیت کر انہوں نے اس سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔ ملائشین گراں پری میں اپنی شکست کے بعد فیراری کے ڈرائیور نے اس مرتبہ شنگھائی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ الانسو نے اپنی پوری ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ان کے بقول اس سیزن کے حوالے سے وہ بہت پر امید ہیں۔
لوٹَس ٹیم کے فن لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کیمی رائیکونن نے بغیر کسی رکاوٹ اور مشکل کے ریس مکمل کی اور دوسرے نمبر پر آئے۔ مرسیڈیز کے اسٹار لوئس ہیملٹن اپنی اس شاندار کارکردگی کو دہرا نہ سکے جو انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پیش کی تھی۔ تین ہفتے قبل زیپناگ کی طرح وہ اس مرتبہ بھی تیسرے نمبر پر آئے۔
رَیڈ بُل ٹیم میں شامل عالمی چیمپئن جرمنی کے سیباستیان فیٹل کو چوتھے نمبر پر ہی اکتفا کرنا پڑا تاہم مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے ابھی بھی وہ پہلے نمبر پر ہیں۔ شنگھائی گراں پری میں فیٹل کی شروع میں سخت ٹائروں سے گاڑی چلانےکی حکمت عملی کامیاب رہی۔ انہوں نے نویں نمبر سے ریس شروع کی تھی اور اختتام پران کے حصے میں چوتھی پوزیشن آئی۔
مرسیڈیز کے جرمن ڈرائیور نیکو روزبرگ تکنیکی وجوہات کی بناء پر اپنی ریس مکمل نہیں کر سکے۔ اس سے قبل میلبورن میں ہونے والی پہلی ریس میں بھی انہیں مقابلہ درمیان میں ہی چھوڑنا پڑ گیا تھا۔ نیکو روزبرگ کے بقول اس طرح پوائنٹس کا فرق بڑھ رہا ہے اور اس فرق کوکم کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے‘‘۔
الانسو کی نو ماہ کے بعد یہ پہلی جیت تھی۔ آخری مرتبہ اس ہسپانوی ڈرائیور نے جرمنی میں ہوکن ہائیم میں ہونے والی ریس جیتی تھی۔ شنگھائی گراں پری میں شامل صف اول کے تقریباً تمام ہی ڈرائیورز نے ٹائروں میں زیادہ ہوا (سخت ٹائروں کے ساتھ) ریس میں شریک ہونے پر شکایات کی ہیں۔ الانسو وہ واحد ڈرائیور ہیں، جنہوں نے اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا۔ اس تناظر میں جرمن ڈرائیور فیٹل نے بھی اپنے غصے کا اظہار کیا۔ ’’جب پوری ریس کا درارومدار ٹائروں پر ہی ہو تو اس کا ریسنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے‘‘۔
فارمولا ون کی عالمی درجہ بندی میں سیباستیان فیٹل 52 پوائنٹس کے ساتھ ابھی بھی اول نمبر ہیں۔ اس کے بعد کیمی رائیکونن کا نمبر آتا ہے، جن کے پوائنٹس کی تعداد 49 ہے۔ فیرنانڈو الانسو 43 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔
ai / aa (sid)