سپر ایٹ مرحلہ: پاکستان جیت گیا، بھارت ہار گیا
29 ستمبر 2012ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جمعے کو کھیلے گئے اپنے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلےکے بعد جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے ہرا دیا جبکہ بھارت کی ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں نو وکٹوں سے مات کھا گئی۔
پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سپر ایٹ گروپ ٹو کے میچ میں پاکستانی بولرعمر گل کی دھواں دھار اور عمر اکمل کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان کی شکست جیت میں بدل گئی۔ عمر گل نے ایک ایسے وقت میں تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے صرف سترہ گیندوں پر بتیس رنز بنا ڈالے، جب پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے دس کی اوسط سے رنز درکار تھے۔ اس بلے بازی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم واپس کھیل میں لوٹ آئی اور باقی کی کسر عمر اکمل نے پوری کر دی۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی سپن بولروں کی نہایت عمدہ بولنگ کے نتیجے میں جنوبی افریقی بلے باز مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹیں ضائع کرنے کے بعد صرف 133 رنز ہی بنا سکے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے واحد بلے باز جے پی ڈومنی رہے، جنہوں نے پاکستانی بولروں کا ڈٹ کر سامنا کیا اور اڑتالیس رنز کی انفرادی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے یاسر عرفات اور محمد حفیظ نے دو دو جبکہ سعید اجمل اور عمر گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے جب بظاہر ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے قدرے اچھا آغاز فراہم کیا۔ محمد حفیظ اور عمران نذیر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں چوبیس رنز بنائے۔ لیکن جیسے ہی عمران نذیر آؤٹ ہوئے تو پاکستانی بلے بازوں کی لائن لگ گئی۔ پندرہویں اوور میں پاکستان کے سات کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے جبکہ اس کا مجموعی اسکور 76 تھا۔
اس وقت جنوبی افریقی بولر چھائے ہوئے معلوم ہوتے تھے اور ایسا یقین ہونے لگا تھا کہ اب پاکستان یہ میچ ہار جائے گا۔ لیکن عمر گل کی جارحانہ بلے بازی نے بازی پلٹ دی۔ عمر گل اور عمر اکمل نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں اٹھائیس گیندوں پر 49 رنز بنا ڈالے۔ عمر گل جب انیسویں اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 125 ہو چکا تھا اور اسے جیت کے لیے چھ گیندوں پر نو رنز درکار تھے۔ جو عمر اکمل اور سعید اجمل نے چار گیندوں میں ہی بنا ڈالے۔ بہترین اور غیر معمولی کارکردگی کے باعث عمر گل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بھارت بمقابلہ آسٹریلیا
کولمبو میں کھیلے گئے گروپ ٹو کے ایک اور میچ میں آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کی قابل تحسین کارکردگی کی وجہ سے بھارت کو نو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تاہم بھارتی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 140 رنز ہی بنا سکی۔
بھارت کی طرف سے عرفان پٹھان نےاکتیس جبکہ سیریش رائنا نے چھبیس رنز بنائے۔ شین واٹسن نے تین ، کامینز نے دو جبکہ اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلوی اوپنرز نے جب بظاہر ایک آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر نے پہلے دس اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 100 تک پہنچا دیا۔ دونوں اوپنر بلے بازوں نے دھواں دھار اننگز کھیلی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 133 رنز بنائے۔ واٹسن نے سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بیالیس گیندوں پر 72 رنز بنائے جبکہ وارنر نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی بدولت اکتالیس گیندوں پر تریسٹھ رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے یہ میچ پندرہویں اوور میں ہی ختم کر دیا۔
بھارت کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اب اپنے دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔ تیس ستمبر کو بھارت اور پاکستان کے مابین اہم میچ کھیلا جائے گا۔ اسی طرح جنوبی افریقہ نے بھی اگر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے تو اسے بھی بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف اپنے دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔
آج بروز ہفتہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ کے گروپ ون میں شریک چاروں ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ پالیکیلے میں کھیلے جانے والے ان میچوں میں نیوزی لینڈاور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی ۔
( ab / ng (AFP