ری پبلیکن پارٹی کا صدارتی امیدوار: ایک اور خواہشمند دستبردار
17 جنوری 2012آئیوا میں ریپبلیکن پارٹی کی پہلی کاکس میں خاتون امیدوار میشیل باک مین نے نتیجہ دیکھنے کے بعد تین جنوری کو مزید نامزدگی کے حصول کا ارادہ ترک کردیا تھا۔ دوسری ریپبلیکن پارٹی پرائمری دس جنوری کو امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں ہوئی تھی۔ اس میں عوامی رجحان دیکھتے ہوئے ریپبلیکن پارٹی کے ایک اور امیدوار جان ہنٹسمین نے اگلے پارٹی کارکنوں کے درمیان ہونے والے الیکشن میں شرکت سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔
ہنٹسمین نے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے مِٹ رومنی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ان سے پہلے ریاست مِنی سوٹا سے امریکی ایوان نمائندگان کی رکن میشیل باک مین نے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کی تھی۔جان ہنٹسمین چین میں امریکہ کے سفیر رہنے کے علاوہ امریکی ریاست یوٹاہ (Utah) کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ آئیوا اور نیو ہیمپشائر میں ووٹروں کی توجہ حاصل کرنے سے قاصر رہے تھے۔ اسی باعث وہ بھاری ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
جان ہنٹسمین نے نامزدگی کے حصول کی دوڑ سے علیحٰدہ ہوتے ہوئے کہا کہ اب پارٹی کو اس وقت اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے اور وہ اس بڑے مقصد کی خاطر نامزدگی کے حصول کی اپنی کوششوں کو ختم کرتے ہوئے میسا چیوسیٹس کے سابق گورنر مِٹ رومنی کی حمایت کرتے ہیں۔
دستبرداری کے اعلان میں جان ہنٹسمین نے امیدواروں کی انتخابی مہم میں موجود شدید اختلافی پہلوؤں کی موجودگی کو بھی تسلیم کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریپبلیکن امیدواروں کے درمیان ایک دوسرے پر کڑی نکتہ چینی کو بھی نامناسب خیال کیا اور کہا کہ یہ عمل ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار اور موجودہ صدر اوباما کے حق میں جا رہا ہے۔
ریپبلیکن پارٹی کی اب تیسری پرائمری ریاست جنوبی کیرولینا میں ہو گی۔ یہ پارٹی الیکشن اکیس جنوری کو ہوں گے۔ جنوبی کیرولینا میں بھی اعدادوشمار کے جائزوں کے مطابق جان ہنٹسمین کو خاصی کم عوامی حمایت حاصل ہے اور وہ اگر انتخابی عمل میں شریک ہوتے ہیں تو امکاناً پانچویں پوزیشن پر رہتے۔ اب ان کی دستبرداری اور مِٹ رومنی کی حمایت کے اعلان سے رومنی کو یقینی طور پر فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔ آئیوا اور نیو ہیمپشائر میں رومنی کامیاب رہے تھے۔ جنوبی کیرولینا اور اس کے بعد فلوریڈا میں ہونے والی پرائمریز کے نتائج ریپبلیکن پارٹی کے حتمی امیدوار کا تعین کر سکتے ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل