ریڈ بُل کے مارک ویبر موناکو گراں پری کے فاتح
27 مئی 2012اس دوڑ میں ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیور مارک ویبر نے پول پوزیشن سے حصہ لیا اور ریس ختم ہونے تک اپنی برتری قائم رکھتے ہوئے انہوں نے یہ گراں پری ریس جیت لی۔ مارک ویبر نے اس سے پہلے سن دو ہزار دس کی عالمی چیمپئن شپ کے دوران بھی ریڈ بُل ٹیم کی گاڑی چلاتے ہوئے ہی موناکو گراں پری جیتی تھی۔
اس سال کے دوران فارمولا ون کی عالمی چیمپئن شپ کی اب تک چھ دوڑیں مکمل ہو چکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک یہ مقابلے چھ مختلف ڈرائیوروں نے جیتے ہیں۔ موجودہ سیزن میں ابھی تک ورلڈ ڈرائیورز ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والا کوئی بھی ڈرائیور ایک سے زیادہ دوڑیں جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ یہی وجہ ہے کہ موناکو گراں پری کے نتائج کو شامل کر کے یہ مقابلے اب تک چھ مختلف ڈرائیور جیت چکے ہیں۔
پینتیس سالہ مارک ویبر کے بعد مونٹی کارلو کے سرکٹ پر جرمن ڈرائیور نیکو روزبرگ دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی سال شنگھائی میں چائنیز گراں پری جیتنے والے روزبرگ مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلا رہے تھے۔
آج موناکو میں تیسری پوزیشن سابق عالمی چیمپئن اور اسپین سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور فرنانڈو الانسو نے حاصل کی۔ وہ فیراری ٹیم کی گاڑی چلا رہے تھے۔ مونٹی کارلو میں آج کی فتح مارک ویبر کے لیے فارمولا ون میں ان کے کیرئیر کی مجموعی طور پرآٹھویں فتح تھی۔
اب ڈرائیورز چیمپئن شپ میں فرنانڈو الانسو اپنے 76 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے بعد دوسرے نمبر پر جرمنی سے تعلق رکھنے والے موجودہ عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل کا نام ہے جن کے پوائنٹس کی تعداد 73 بنتی ہے۔ سباستیان فیٹل نے آج کی ریس میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ میں اس وقت تیسرے اور چوتھے نمبر پر مارک ویبر اور جرمنی کے کئی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے مشائیل شوماخر کے نام آتے ہیں۔ لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کے پوائنٹ بھی سباستیان فیٹل کی طرح 73 ہیں۔ مرسیڈیز ٹیم کی گاڑی چلانے والے شوماخر موناکو گراں پری سے مجموعی طور پر 78 راؤنڈز میں سے 66 ویں راؤنڈ میں مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔ انہیں اپنی گاڑی کی پٹرول ٹینکی میں دباؤ کی وجہ سے تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔
آج کی موناکو گراں پری ریس کے لیے کل ہفتے کو ہونے والی کوالیفائنگ میں ریکارڈ ورلڈ چیمپئن مشائیل شوماخر ہی سب سے تیز رفتار ڈرائیور رہے تھے۔ لیکن انہیں اسپین میں ہونے والی گزشتہ ریس میں ایک حادثے کے سلسلے میں جرمانے کے طور پر پانچویں پوزیشن پر بھیج دیا گیا تھا۔ اس طرح مونٹی کارلو میں پول پوزیشن آسٹریلیا کے مارک ویبر کو مل گئی تھی جو کوالیفائنگ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
ij / aa / afp, ap