دی ہیگ: عمارت میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے چھ افراد ہلاک
9 دسمبر 2024نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں ہفتے کی صبح دھماکے کے بعد لگنے والی آگ سے منہدم ہونے والی رہائشی عمارت سے لاشیں نکالنے کا سلسہ جاری ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملبے سے ایک اور لاش نکالی گئی، جس کے بعد اس حادثے میں اموات کی مجموعی تعداد چھ ہوگئی۔ تاہم حکام نے مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ہلاک ہونے والے چھ میں سے چار افراد کی شناخت کی جا چکی ہے، جن میں پینتالیس اور اکتیس سال کے دو مرد، ایک اکتالیس سالہ خاتون اور سترہ سالہ لڑکی شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکے کے وقت عمارت میں کتنے لوگ موجود تھے اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ مزید کتنے افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ آگ اتنی شدید تھی کہ بیشتر افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہو چکی تھیں، جس کے باعث ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا سہارا لیا گیا۔
پولیس ابھی تک دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں کر سکی۔ تاہم عوامی استغاثہ کے دفتر کے سربراہ نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیش کاروں کو کچھ ایسے شواہد ملے ہیں جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ دھماکہ ممکنہ طور پر کسی مجرمانہ کارروائی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
ہفتے کی صبح سوا چھ بجے جائے وقوعہ سے ایک تیز رفتار گاڑی کو گزرتے دیکھا گیا تھا۔ پولیس کو مزید تحقیقات کے لیے اس گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش ہے۔ تاہم عمارت کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جائیں گی۔
ح ف / ش ر (اے ایف پی)