دبئی کے نائب امیر اور امارات کے وزیر خزانہ حمدان کا انتقال
24 مارچ 2021دبئی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق حمدان بن راشد ال مکتوم کا انتقال آج چوبیس مارچ بدھ کے روز ہوا۔ خلیج کی کئی چھوٹی چھوٹی عرب امارات پر مشتمل وفاقی ریاست متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شامل امیر ترین امارت دبئی کے میڈیا آفس نے بتایا کہ 75 سالہ حمدان بن راشد ال مکتوم 1971 میں اس وقت سے یو اے ای کے وزیر خزانہ چلے آ رہے تھے، جب اس وفاقی ریاست کا قیام عمل میں آیا تھا۔
شہزادی لطیفہ کی رہائی کے لیے بائیڈن سے اپیل
وہ تقریباﹰ نصف صدی تک متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہے اور انہوں نے دبئی کو دنیا کے بڑے کاروباری اور اقتصادی مراکز میں سے ایک بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات میں تین روزہ سرکاری سوگ
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ حمدان بن راشد کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے ملک میں تین روزہ سرکاری سوگ منانے اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
چھ خلیجی عرب ریاستوں میں یہودی برادریوں کا علاقائی اتحاد
اماراتی مشن ’ہوپ‘ نے مریخ کی اولین تصویریں زمین پر بھیج دیں
اس کے علاوہ یو اے ای کی ریاست دبئی میں، جس کے حمدان بن راشد ال مکتوم نائب امیر تھے، دس روزہ سرکاری سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے حمدان بن راشد کی نماز جنازہ اور تدفین میں صرف اہل خانہ ہی شریک ہوں گے۔
کافی عرصے سے علیل
شیخ حمدان بن راشد ال مکتوم کافی عرصے سے علیل تھے اور ان کے بھائی اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے گزشتہ ماہ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا، ''میرے بھائی حمدان علیل ہیں اور میں اپنے بھائی کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘
اعلیٰ تعليم يافتہ و دولت مند افراد کے ليے اماراتی شہريت کی راہ ہموار
حمدان بن راشد کے بارے مین مزید کوئی تفصیلات بتائے بغیر سرکاری طور پر صرف یہ کہا گیا تھا کہ ان کی صحت کافی عرصے سے خراب تھی اور گزشتہ برس ان کا بیرون ملک ایک آپریشن بھی ہوا تھا۔
حمدان بن راشد 1949ء میں 25 دسمبر کے روز پیدا ہوئے تھے اور وہ دبئی کے مرحوم امیر شیخ راشد بن سعید ال مکتوم کے دوسرے بیٹے تھے۔
م م / ا ا (ڈی پی اے)