دبئی ٹیسٹ، انگلینڈ کے لیے 324 کا ہدف
5 فروری 2012تیسرے دن کے کھیل کا آغاز پاکستان کی جانب سے یونس خان اور اظہر علی نے کیا۔ گزشتہ روز 180 رنز کی برتری میں ان دنوں کھلاڑیوں نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ تاہم تیسرے دن کے آغاز پر یونس خان جلد ہی آؤٹ ہو گئے انہوں نے مجموعی طور پر 127 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ ان کا ساتھ دینے والے اظہر علی تاہم ذمہ داری کے ساتھ کریز پر موجود رہے اور گزشتہ روز کے 75 رنز کے انفرادی اسکور میں اضافہ کرتے ہوئے انہوں نے انفرادی طور پر 157 رنز بنائے۔ انہیں سوان کی گیند پر کوک نے کیچ کیا۔
ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی پاکستانی بلے باز انگلش اسپنروں کے سامنے ٹک نہ سکا۔ کپتان مصباح الحق پینسر کی گیند پر 31 رنز کے مجموعی اسکور پر ایل بھی ڈبلیو ہو گئے۔ اسد شفیق پانچ رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور عدنان اکمل کوئی رنز بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ عبدالرحمان اور سعید اجمل صرف ایک ایک رنز بنا پائے جبکہ عمر گل کو چار کے انفرادی اسکور پر پینسر نے LBW کر دیا۔
پاکستانی کی پوری ٹیم 365 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نے صرف 99 رنز بنائے تھے جبکہ انگلش ٹیم بھی کوئی غیر معمولی کارکردگی دکھانے کی بجائے صرف 141 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے کامیاب بولر اسپنر مونٹی پینسر رہے جنہوں نے 56 اووروں میں 124 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آوٹ کیے۔ دوسرے اسپنر سوان نے 39 اووروں میں 101 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ تیز بالر اینڈرسن اور براڈ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ جزوقتی بالروں میں ٹراؤٹ اور پیٹرسن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت :عابد حسین