حادثے کے شکار اطالوی بحری جہاز کو سیدھا کرنے کی کوشش
16 ستمبر 2013جنوری 2012 میں اطالوی بحری جہاز کوسٹا کونکورڈیا اٹلی کے گِیلیو جزیرے کے ساحل سے ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں بتیس افراد کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔ یہ ایک تفریحی بحری جہاز تھا جس پر ستر ممالک کے چار ہزار دو سو انتیس افراد سوار تھے۔ دو سو نوے میٹر بلند اور ایک لاکھ چودہ ہزار پانچ سو ٹن وزنی یہ جہاز ٹسکن کوسٹ کے قریب اپنے راستے سے ہٹ گیا تھا۔
اب اس نیم غرقاب جہاز کو سیدھا کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس غیر معمولی آپریشن کو شروع کرنے میں خاصی تاخیر ہوئی ہے، جس کی وجوہات متعدد سمندری طوفان اور اس علاقے کے اطراف سمندر کے ایک حصے کو آمد و رفت کے لیے ممنوع قرار دیے جانے کی کوششیں تھیں۔
اس آپریشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سو کے قریب کارکن اس کارروائی میں شریک ہوں گے، اور اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بارہ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود جہاز کے کچھ ملبے کا سمندر میں گرنے کا امکان موجود ہے۔
منتظمین نے تاہم ماحولیاتی تنظیموں کے اس خدشے کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں ہزاروں ٹن تابکار مادہ سمندر میں شامل ہو سکتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ سمندر کو صاف کرنے کا کام بھی کریں گے۔
اس کارروائی میں شریک کارکنوں کو اس بات کا زیادہ خطرہ ہے کہ کیا حادثے کا شکار یہ جہاز اس دباؤ کہ سہ پائے گا جو کہ اسے سیدھا کھڑا کرنے کے لیے کیا جائے گا۔ اس کے باوجود منتظمین کا کہنا ہے کہ جہاز کے دو ٹکڑے ہونے کا خطرہ نہیں ہے۔
جہاز کو حادثے کا شکار کرنے کے الزام میں کپتان فرانسیسکو شیٹینو پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جہاز کو دانستہ ساحل کے قریب سے گزارا تھا اور یہ کہ حادثے کا شکار ہونے کے بعد مسافروں کو حفاظت سے ساحل تک پہنچانے کے بجائے وہ خود جہاز چھڑ گئے تھے۔