جو بائیڈن کے بڑے بیٹے کی رحلت
31 مئی 2015امریکی نائب صدر کے بیٹے بو بائیڈن ریاست ڈیلاویر کے سابق اٹارنی جنرل تھے۔ انہیں برین کینسر کے عارضے کا سامنا تھا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق بائیڈن خاندان انتہائی صدمے کی حالت میں ہے۔ اِس اعلان میں مزید کہا گیا کہ بو بائیڈن کا جذبہ عمل سب میں زندہ رہے گا اور یہ عملی سوچ اور فکر اُن کی بیوی ہیلی کی صورت میں محسوس کی جائے گی۔ بو بائیڈن اپنے والد کے انتہائی قریب خیال کیے جاتے تھے۔ اُن کی انتخابی مہم میں بھی وہ پیش پیش تھے۔ امریکی سیاسی حلقوں میں یہ محسوس کیا گیا ہے کہ جو بائیڈن سن 2016 کے صدارتی الیکشن میں امیدوار بننے کی خواہش رکھتے ہیں اور بڑے بیٹے کی رحلت کے بعد اب شائد وہ اپنی خواہش کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش نہیں کریں گے۔
بو بائیڈن نے کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد ہی گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ وہ سن 2016 میں ریاست ڈیلاویر کے گورنر کا انتخاب لڑیں گے۔ ابھی گزشتہ برس نومبر میں ڈاکٹروں نے انہیں مکمل طور پر صحت یاب قرار دیا تھا۔ نائب صدر کے دفتر کے مطابق اچانک کینسر کی دوبارہ ہونے والی افزائش کے بعد وہ سنبھل نہیں سکے۔ بائیڈن خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ایک والد ہی اپنے کسی بچے کی زندگی میں شاندار کامیابی پر فخر اور مسرت کا اظہار کر سکتا ہے۔ اِس بیان میں بو بائیڈن کو خاموش طبع، سادگی پسند اور انتہائی عمدہ و باوقار انسان کے طور پر یاد کیا گیا ہے۔
معالجین نے بو بائیڈن میں پہلی مرتبہ اگست سن 2013 میں دماغ کے کینسر کی تشخیص کی تھی۔ دماغ میں کینسر کی تشخیص کے بعد اُن کی سرجری کر کے سرطانی مواد نکال دیا گیا تھا۔ سرجری کے بعد تابکاری شعاؤں اور کیمیو تھراپی سے بھی اُن کا علاج کیا گیا۔ سن 2014 کے آخر میں معالجین نے بو بائیڈن کو مکمل طور پر شفایابی کا پروانہ جاری کر دیا تھا۔ رواں برس ایک مرتبہ پھر اُن کے دماغ میں کینسر پھیل گیا۔ اِس تشخیص کے بعد ان کی خواہش کے تناظر میں ڈاکٹروں نے فوری اور جلد علاج کو اپنایا۔ رواں مہینے مئی کے اوائل بو بائیڈن کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے نواح میں واقع انتہائی جدید ہسپتال رِیڈ آرمی میڈیکل سینٹر میں داخل کروا دیا گیا۔ رحلت کے وقت اُن کی اہلیہ اور دونوں بچے اُن کے پاس تھے۔
بو بائیڈن تین فروری سن 1969 کو پیدا ہوئے تھے اور اپنے والد کی طرح قانون کی تعلیم حاصل کر کے وکالت کے پیشے کو اپنایا۔ وہ امریکی فوج میں بھی وکالت کے محکمے سے وابستہ رہے۔ وہ آٹھ برس تک امریکی ریاست ڈیلاویر کے اٹارنی جنرل رہے۔ بو بائیڈن امریکی نائب صدر جو بائیڈن کے بڑے بیٹے تھے۔ جو بائیڈن کو سن 1972 میں سینیٹ کا الیکشن جیتنے کے بعد بھی اولاد اور بیوی کی رحلت کے صدمے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اُن کی پہلی بیوی نیلیا اپنے تین بچوں سمیت ایککار حادثے کا شکار ہو گئی تھیں۔ نیلیا اور بیٹی ناؤمی کرسٹینا بائیڈن کار کریش میں ہلاک ہو گئیں اور دونوں بیٹے بو اور ہنٹر شدید زخمی ہو گئے تھے۔ پہلی بیوی کی رحلت کے بعد بو بائیڈن نے دوسری شادی کر لی تھی۔