جرمن کلب ڈورٹمنڈ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں
1 مئی 2013منگل کی رات میڈرڈ میں کھیلے گئے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں ہسپانوی کلب نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا لیکن ابتداء میں ہی کرسٹیانو رونالڈو، میسوت اوزل اور اگوائین گونزالو نے گول کرنے کے چند اچھے موقع گنوا دیے۔ اس دوران ڈورٹمنڈ کے گول کیپر وائڈن فیلر نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے میڈرڈ کے اسٹار اسٹرائیکرز کے کئی حملوں کو ناکام بنا دیا۔
جرمن کلب کو ایک دھچکا اس وقت بھی لگا، جب اس کا اسٹار کھلاڑی ماریو گوٹزے انجری کے باعث کھیل کے 14 ویں منٹ میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گیا۔ اس میچ میں پولینڈ سے تعلق رکھنے والے رابرٹ لیوانڈاؤسکی نے اگرچہ گول کرنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی کوئی قابل ذکر کھیل پیش نہ کر سکے۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔
گزشتہ ہفتے سیمی فائنل کے پہلے معرکے میں لیوانڈاؤسکی نے چار گول کیے تھے۔ اسی لیے فائنل تک رسائی کے لیے میڈرڈ نے اب ڈورٹمنڈ کو کم ازکم تین صفر سے مات دینا تھی تاکہ فائنل تک رسائی کا فیصلہ پنیلٹی ککز سے ہو سکے۔ تاہم ہسپانوی کلب صرف دو گول کرنے میں ہی کامیاب ہوا اور اس طرح مجموعی طور پر اسے تین کے مقابلے میں چار گول سے مات ہوئی۔ یہ امر اہم ہے کہ جرمن کلب ڈورٹمنڈ نے دوسری مرتبہ چیمپئنز لیگ کے فائنل تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
دوسرے ہاف میں ڈرامائی کھیل
ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے دوسرے ہاف کا آغاز بھی انتہائی جارحانہ انداز سے کیا اور یکے بعد دیگرے متعدد حملے کیے۔ اس دوران اسے متعدد کارنرز بھی ملے۔ لیکن گول کیپر وائڈن فیلر اور دفاعی کھلاڑی میٹ ہیوملیز کا جاندار دفاع ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوا۔ بالخصوص ہیوملیز کھیل پر چھائے رہے۔
تاہم چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی کی خواہش میں میڈرڈ کی ٹیم نے اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور آخر کار 82 ویں منٹ میں گول کر ہی دیا۔ کریم بینزیما کی طرف سے پہلے گول کے بعد راموس نے 88ویں منٹ میں ایک اور گول داغ دیا۔ اس طرح کھیل کے آخری مراحل میں ایک ڈرامائی صورتحال پیدا ہو گئی۔
میڈرڈ کی ٹیم نے تیسرا گول کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائی خرچ کر ڈالی۔ اس دوران رونالڈو، اوزل اور سیمی خدیرا نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر ڈورٹمنڈ کے گول پر یکے بعد دیگرے متعدد حملے کیے لیکن وہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
اب ڈورٹمنڈ کی ٹیم آج بروز بدھ دوسرے سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے ساتھ پچیس مئی کو لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں فائنل کھیلے گی۔ ناقدین کے بقول دوسرے سیمی فائنل میں بھی جرمن کلب میونخ کی کامیابی کے امکانات کافی روشن ہیں کیونکہ پہلے مرحلے میں اس نے جو چار گول کی برتری حاصل کر لی ہے، اسے ختم کرنا بارسلونا کے لیے آسان نہیں ہو گا۔
ab/ng (AFP)