جرمنی کے سابق فٹ بالر ہيلموٹ ہالير انتقال کر گئے
12 اکتوبر 2012خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہالير نے جمعرات کے روز جرمن صوبے بائرن کے جنوب مغرب ميں واقع اپنے آبائی شہر آؤگس برگ ميں دم توڑا۔ ان کی وفات کے وقت ان کی عمر 73 برس تھی۔ ہيلموٹ ہالير گزشتہ چند سالوں سے ذہنی بيماری ڈيمنشياء کے شکار تھے جس ميں مريض کا دماغی توازن برقرار نہيں رہتا۔
ماضی ميں جرمنی کی قومی فٹبال ٹيم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی ہيلموٹ ہالير نے اپنے کيريئر کے دوران مختلف مقامات پر خدمات انجام دينے کے بعد سن 1973 ميں اپنے شہر آؤگس برگ کا رخ کيا اور وہيں چھ سال بعد انہوں نے فٹبال کو ہميشہ کے ليے خير باد کہہ ديا۔
ہيلموٹ ہالير نے جرمنی کے ليے مجموعی طور تينتيس بين الاقوامی ميچز کھيلے جن ميں انہوں نے تيرہ گول اسکور کيے۔ انہوں نے سن 1962 کے علاوہ 1966ء اور 1970ء کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس ميں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ روئٹرز کے مطابق اپنی بھاری بھرکم شخصيت کے باوجود ہيلموٹ ہالير فٹبال کا کھيل کافی مہارت کے ساتھ کھيلا کرتے تھے۔
ہالير کے حوالے سے ايک اور اہم بات يہ ہے کہ ان کا شمار ايسے کھلاڑيوں ميں ہوتا ہے جنہوں نے جرمنی سے باہر بھی اپنا مقام بنايا۔ انہوں نے يورپی ملک اٹلی ميں گيارہ سال فٹبال کھيلی۔ اس دوران يووينٹس اور بولوگنا کے کلبز کے ليے اپنا کھيل پيش کرتے ہوئے ہالير تين مرتبہ ليگ ٹائٹل کی فاتح ٹيم کا حصہ بھی رہے۔
آؤگس برگ فٹبال کلب کے سربراہ پيٹر برکس نے ہالير کی وفات پر اپنے خيالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہالير کا شمار دوسری عالمی جنگ کے بعد کھيلنے والے ’ہيروز‘ ميں ہوتا ہے اور انہوں نے کھلاڑيوں کی ايک نسل کے علاوہ آؤگس برگ کی فٹبال کو بھی مثبت انداز ميں متاثر کيا تھا۔
as/ng (Reuters)