جرمنی میں ٹرین حادثہ، دو ہلاک 20 زخمی
16 مئی 2015طبی حکام کے مطابق تین زخمیوں کی حالت تشویناک قرار دی جا رہی ہے۔ پولیس کے ترجمان یوخن لاشکے Jochen Laschke کے مطابق ایک ریجنل ٹرین جو اوسنابروک سے ابن بوئرن جا رہی تھی کھاد سے لدے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ لاشکے کے مطابق یہ حادثہ ابن بوئرن کے مضافات میں پیش آیا جو جرمن دارالحکومت برلن سے 440 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لاشکے کا مزید کہنا تھا، ’’ٹرین بہت زیادہ بھری ہوئی تھی۔۔۔ ہمیں آج دن 11:31 پر ایمرجنسی کال موصول ہوئی اور ہم نے امدادی ٹیموں اور فائر برگیڈ کے عملے کو مدد کے لیے بھیج دیا۔‘‘
پولیس ترجمان کے مطابق جائے حادثہ پر ابتدائی تفتیش کے مطابق کھاد سے بھرا ٹرک جب ریل کی پٹری پر سے گزرتے ہوئے وہاں پھنس گیا۔ ٹرین اس ٹرک سے ٹکرا گئی اور اس ٹرک کو قریب 200 میٹر تک گھسیٹی چلی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرک کا ڈرائیور زخمی نہیں ہوا۔
اے ایف پی کے مطابق علاقے بھر کی ایمبولینسز اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور مسافروں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
جرمنی اپنی ریلوے کی اعلیٰ سروس کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ جرمن ٹرین ڈرائیوروں نے رواں ماہ کے شروع میں ہڑتال بھی کی تھی جو دراصل جرمنی کی سرکاری ریلوے کمپنی ڈوئچے بان کے ساتھ تنخواہوں میں اضافے اور کام کی صورتحال کے حوالے سے شرائط پر اتفاق نہ ہونے کے باعث کی گئی تھی۔