جرمنی میں نئی حکومت کے خد وخال واضح ہوتے ہوئے
جرمنی کے نئے متوقع چانسلر فریڈرش میرس نے واضح کیا ہے کہ ان کے کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) اور کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے قدامت پسند بلاک کے ارکان کو کون سے وزارتیں دی جائیں گی؟
چانسلر: فریڈرش میرس
59 سالہ وکیل فریڈرش میرس کو داخلی اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ جرمن معیشت مشکلات کا شکار ہے جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی مسلسل مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ میرس معیشت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور تارکین وطن کی آمد کو محدود کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں غیر معروف فیصلے کرنا ہوں گے۔ اس سے پہلے کبھی بھی کوئی نامزد چانسلر میرس کی طرح غیر مقبول نہیں رہا تھا۔
چانسلر کا دفتر: تھورسٹن فرائی (سی ڈی یو)
52 سالہ وکیل تھورسٹن فرائی کو فریڈرش میرس کے قریبی ساتھی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ وہ 2013 سے بنڈس ٹاگ یعنی جرمن پارلیمان کے رکن ہیں۔ وہ دوستانہ رویے کے لیے مشہور ہیں اور مختلف موضوعات پر واضح مؤقف رکھتے ہیں۔ چانسلری کے سربراہ کی حیثیت سے، انہیں سب سے پہلے فریڈرش میرس کے لیے پریشانیوں اور نقصانات کا اندازہ لگا کر ان پر قابو پانا ہو گا۔
وزارت خارجہ: یوہان واڈیپول (سی ڈی یو)
62 سالہ 2009ء سے بنڈس ٹاگ کے رکن ہیں اور خارجہ پالیسی پر توجہ رکھتے ہیں۔ قانون کے شعبے میں پی ایچ ڈی ہیں اور سابق فوجی بھی۔ وہ بین الاقوامی سطح پر روابط رکھتے ہیں اور انہیں سفارتی مہارت اور عملیت پسند کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ فریڈرش میرس اور ان کے درمیان بہت کچھ مشترک ہے اور وہ ممکنہ طور پر خارجہ پالیسی پر مل کر کام کریں گے۔
وزارت داخلہ: الیگزانڈر ڈُوبرنٹ (سی ایس یو)
الیگزانڈر ڈوبرنٹ چانسلر انگیلا میرکل کے دور حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ رہ چکے ہیں۔ نئے وزیر داخلہ کی حیثیت سے، 54 سالہ ماہر سماجیات، مہاجرت کے بارے میں سخت مؤقف پر زور دیں گے، جیسے فیمیلی ری یونیفیکیشن یا خاندانی اتحاد کی معطلی اور شام اور افغانستان میں ملک بدری۔ ڈوبرنٹ دوہری شہریت کے ساتھ ساتھ ہم جنس پرست جوڑوں کے لیے مساوی حقوق کو مسترد کرتے ہیں۔
وزارت اقتصادیات: کاتھیرینا رائشے (سی ڈی یو)
کاتھیرینا رائشے سیاست میں واپس آ رہی ہیں۔ اس وقت 51 سالہ کیمسٹ، پہلی مرتبہ 25 سال کی عمر میں بنڈس ٹاگ کی رکن بنیں اور پارلیمانی اسٹیٹ سیکرٹری کے عہدے تک پہنچ گئیں۔ 2015ء میں، وہ کاروباری دنیا سے جُڑ گئیں، ویسٹ انرجی اے جی کی سی ای او بن گئیں۔ انہیں 2020ء میں جرمن حکومت کو مشورہ دینے والی نیشنل ہائیڈروجن کونسل کی چیئر وومن مقرر کیا گیا تھا۔
وزارت تحقیق، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق: ڈوروتھی بیر (سی ایس یو)
ڈوروتھی بیر 2002ء سے جرمن بنڈس ٹاگ کی رکن ہیں اور سی ڈی یو / سی ایس یو پارلیمانی گروپ کے نائب چیئر پرسنز میں سے ایک ہیں۔ 47 سالہ ڈوروتھی بیر 2017ء سے سی ایس یو کے ڈپٹی پارٹی رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ 2018ء سے 2021ء تک وہ چانسلر انگیلا میرکل کی حکومت کی کمشنر برائے ڈیجیٹلائزیشن تھیں۔
ڈجیٹلائزیشن اور جدیدکاری کی وزارت: ڈاکٹر کارسٹن وِلڈ برگر
کارسٹن وِلڈ برگر میرس کی مجوزہ کابینہ میں سب سے بڑا سرپرائز ہیں۔ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ماہر ایک نئی وزارت کے سربراہ ہوں گے۔ وہ طبیعیات میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھتے ہیں اور بوسٹن کنسلٹنگ اور ٹی موبائل میں انٹرنیشنل مینجمنٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ حال ہی میں، 56 سالہ وِلڈ برگر ’میڈیا مارکٹ زاٹورن‘ کے سی ای او تھے، جو یورپ کے کنزیومر الیکٹرانکس اسٹورز کی سب سے بڑی چین ہے۔
وزارت صحت: نینا وارکن (سی ڈی یو)
نینا وارکن بھی ایک غیر متوقع انتخاب ہیں۔ 45 سالہ وارکن نے سی ڈی یو میں اس وقت شمولیت اختیار کی تھی جب وہ قانون کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اور 2013ء سے بنڈس ٹاگ کی رکن ہیں۔ وہ بنیادی طور پر گھریلو امور کی پالیسی پر کام کرتی رہی ہیں تاہم اب انہیں فوری طور صحت کی پالیسی پر دسترس حاصل کرنا ہو گی۔
تعلیم اور خاندانی امور: کارِن پرین (سی ڈی یو)
سی ڈی یو کی کارن پرین کو تعلیم کے شعبے میں سب سے زیادہ ہائی پروفائل سیاست دانوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ 59 سالہ وکیل ء2017 سے جرمن ریاست شلیسوگ ہولسٹائن میں وزیر تعلیم ہیں۔ وہ اپنی مضبوط رائے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ وہ نیدرلینڈز میں پیدا ہوئیں اور وہیں پرورش پائی، جہاں ان کے دادا دادی نازیوں سے بچنے کے لیے منتقل ہوئے تھے۔
وزارت زراعت: آلوئس رائنر (سی ایس یو)
60 سالہ آلوئس رائنر ایک تربیت یافتہ قصاب ہیں اور باویریا کے جنگل میں ایک سرائے پر مبنی خاندانی کاروبار چلاتے ہیں۔ وہ 2013ء سے بنڈس ٹاگ میں ہیں اور بجٹ اور نقل و حمل کے معاملات کے ذمہ دار ہیں۔ رینر چیم اوزدیمیر کی جگہ لیں گے، جو گرین پارٹی کے رکن ہیں۔ سی ایس یو پارٹی کے سربراہ مارکس زؤڈر کے مطابق رائنر زرعی پالیسی میں تبدیلی کی علامت ہیں۔
ٹرانسپورٹ: پیٹرک شنائیڈر (سی ڈی یو)
وزیر ٹرانسپورٹ کی حیثیت سے، پیٹرک شنائیڈر کے پاس خرچ کرنے کے لیے بہت سارا بجٹ ہو گا۔ انفراسٹرکچر کے لیے مختص نئے 500 بلین یورو فنڈ کا ایک بڑا حصہ خستہ حال نقل و حمل کے راستوں کی بہتری پر خرچ کیا جانا ہے۔ 56 سالہ وکیل شنائیڈر 2009ء سے بنڈس ٹاگ کے رکن ہیں اور حال ہی میں سی ڈی یو/ سی ایس یو پارلیمانی گروپ کے پارلیمانی سیکرٹری تھے۔
ثقافت اور میڈیا کے وفاقی کمشنر: وولفرام وائمر
پبلشر اور صحافی وولفرام وائمر سخت قدامت پسند ہیں۔ 60 سالہ وائمر نے بطور تاریخ دان ’دی کنزرویٹیو مینیسفسٹو‘ اور ’لونگنگ فار گاڈ‘جیسی کتابیں لکھی ہیں۔ پبلشنگ ہاؤس قائم کرنے سے پہلے وہ قدامت پسند روزناموں ایف اے زیڈ اور دی ویلٹ کے صحافی تھے۔ ان کے کام میں وفاقی میڈیا پالیسی اور ’ریمیمبرنس کلچر‘ یعنی یعنی یاد داشت کے کلچر کا تحفظ شامل ہو گا۔