بھارتی بجٹ میں ترقی کے لیے حکمت عملی کا فقدان، تجزیہ کار
2 فروری 2025بھارت کا اس سال یعنی 2025ء کا سالانہ بجٹ پیش کرنا غیر معمولی حد تک مشکل تھا۔ ماہرین کو امید تھی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری مدت اقتدار کا یہ بجٹ اس امر کا ثبوت ہو گا کہ دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت سست رفتار ترقی اور خمیدہ مارکیٹوں کا مقابلہ کیسے کرے گی؟
ایمکے گلوبل فنانشل سروسز سے منسلک ماہر معاشیات مادھوی اروڑہ کہتی ہیں، ''بھارت آٹھ فیصد ترقی کا خواہاں ہے تاہم آٹھ فیصد ترقی کے لیے ہمارے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔‘‘
بھارت میں انکم ٹیکس میں کٹوتیوں کا اعلان
امسالہ سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے نئی دہلی حکومت نے پیشگوئی کی کہ بھارت کی جی ڈی پی کی شرح نمو میں کمی آئے گی۔ موجودہ مالی سال کے دوران مارچ کے آخر تک شرح نمو 6.4 فیصد متوقع ہے جو چار سال کی کم ترین سطح ہے اور اگلے سال بھی اس شرح کے قریب ہی رہنے کا امکان ہے، اس کے مقابلے میں 2023-24 میں یہ شرح 8.2 فیصد تھی۔
یکم فروری کو پیش کیے گئے بجٹ میں سرمایہ خرچ کرنے اور بنیادی ڈھانچے پر حکومت کے زور کو بھی کم کرنے کی بات کی گئی ہے۔ یہ وہ محرکات ہیں جو کورونا وبائی مرض کے بعد سے بھارت کی ترقی کے عزائم کو متحرک رکھنے کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل تھے۔
بھارت میں گندم کی قیمتیں ریکارڈ حد تک زیادہ ہو گئیں
بھارت کے مذکورہ بجٹ سے مارکیٹس اور تجزیہ کار دونوں مایوس ہیں کیونکہ اس میں بلند شرح نمو کو دوبارہ حاصل کرنے کی بات تو کی گئی ہے تاہم اس کی یقین دہانی کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں پیش کی گئی ہے۔
علاقائی اور عالمی مارکیٹس کے رجحان کا تجزیہ پیش کرنے والی اے این زیڈ ریسرچ پورٹل کے لیے کام کرنے والے ایک ماہر اقتصادیات دھیرج نیم کہتے ہیں، ''آٹھ فیصد ترقی کے لیے زرعی مارکیٹ، انسانی سرمایہ اور کاروبار کرنے میں آسانی جیسے معاملات میں گہری مداخلت کی ضرورت ہوگی۔‘‘
مہنگائی کے سبب بھارتی خواتین اپنے سہاگ کی نشانی فروخت کر رہی ہیں
تجریہ کاروں کا ماننا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ الیکشن کے بعد سے ملک کے سیاسی طور پر اہم حلقوں کو خوش کرنے کی کوشش میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ ان کی سیاسی پارٹی نے کسانوں کے حق میں زراعت کی تجارتی پالیسیوں کوپلٹ دیا ہے، خواتین کو نقد رقم کی پیشکش کی ہے اور اب متوسط طبقے کے لیے ٹیکسوں میں کمی لا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ مودی اور ان کی بھارتیہ جنتا پارٹی اقتصادی اصلاحات کو آگے بڑھانے میں ناکام رہی۔
ک م/ا ب ا (روئٹرز)