بھارت کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے باوجود سیریز آسان نہیں ہے، محمد حفیظ
24 دسمبر 2012تاہم پاکستان کی ٹونٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کسی غلط فہمی میں مبتلا نہیں اور کہتے ہیں کہ گو کہ بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف توقعات پر پورا نہیں اتر سکی مگر وہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچز نہیں بلکہ مختصر طرز کے میچوں کی سیریز کھیل رہی ہے اس لیے وہ اسے آسان نہیں لیں گے اور جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان دو ہزار آٹھ میں ممبئی حملوں کے بعد سے کرکٹ روابط بحال ہو رہے ہیں تاہم محمد حفیظ کہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ دونوں جانب کوئی بھی اپنی ٹیم کو ہارتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا مگر ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیل کر اس سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ حفیظ کے مطابق دونوں ممالک کے مفاد میں ہے کہ پاک بھارت زیادہ سے زیادہ میچز ہوں۔
اسی اور نوے کے عشرے بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں سے عبارت رہے۔ اس دور میں پاکستان نے شارجہ سے بنگلور اور ٹورنٹو سے چنئی تک ناصرف کئی لازوال کامیابیاں حاصل کیں بلکہ اس میں بھی کوئی کلام نہیں کہ اس دور کے کئی بھارتی کرکٹرز پاکستان کا سامنا کرنے سے گھبراتے تھے مگر اب گنگا الٹی بہہ رہی ہے اور پاکستان کی موجودہ ٹیم کو گزشتہ دو برس میں بھارت کے خلاف ہر میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اس بابت کپتان محمد حفیظ کہتے ہیں ماضی میں پاکستان کی کامیابیاں فاسٹ بولرز کی مرہون منت تھیں اس لیے وہ اس دورے میں بھی محمد عرفان اور جنید خان جیسے فاسٹ باولرز کے ذریعے بھارتی بیٹنگ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔
بھارت میں پاکستان کی جیت کا دارومدار ٹیم کے کمبینیشن پر بھی ہوگا جو مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رضا حسن کے زخمی ہونے سے متاثر ہوا ہے۔ اب آیا ناصر جمشید، کامران اکمل اور احمد شہزاد جیسے ٹونٹی ٹونٹی کے آزمودہ کار اوپنرز کی موجودگی میں خود کپتان محمد حفیظ اپنی اوپننگ پوزیشن کی قربانی دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
پاکستان نے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کا سیمی فائنل ہارنے والی ٹیم میں چھ تبدیلیاں کی ہیں اور جنید خان کے ساتھ محمد عرفان، احمد شہزاد اور عمر امین کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ذوالفقار بابر اور اسد علی کو پہلی بار ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
رپورٹ: طارق سعید، لاہور
ادارت: افسر اعوان