بھارت: دو اطالوی بحری فوجیوں کی عدالت میں پیشی
20 فروری 2012بحیرہ ہند میں موجود یہ اطالوی فوجی اپنے بحری جہاز کی قزاقوں سے نگرانی پر معمور تھے۔ مبینہ طور پر ان فوجیوں نے بھارتی مچھیروں پر قزاق ہونے کے شبے میں گولیاں چلائیں اور ان کو ہلاک کر دیا۔ اس واقعے کے بعد اتوار کے روز ان فوجیوں کو بھارتی کوسٹ گارڈز نے حراست میں لے لیا گیا۔
اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارتی پولیس افسر پی چندراشیکھرن نے کہا کہ ان دونوں اطالوی باشندوں پر قتل کا مقدمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ان کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات ریکارڈ کر لی گئی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔‘‘
اطالوی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان دونوں بحری فوجیوں کو بھارتی قوانین سے استثنیٰ حاصل ہے کیوں کہ یہ اطالوی بحری جہاز پر سنگاپور سے براستہ کیرالا، مصر جا رہے تھے۔
ایک بیان میں اطالوی وزارت خارجہ نے کہا: ’’چونکہ یہ واقعہ بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آیا ہے، اور بحری جہاز پر اٹلی کا پرچم آویزاں تھا، لہٰذا یہ معاملہ عدالتی عدالت میں اٹھایا جانا چاہیے۔‘‘
اطالوی بحری حکام کے مطابق بھارتی مچھیروں کی کشتی کا رویہ جارحانہ تھا اور ان کے متعدد بار انتباہ کے باوجود جب ان افراد کا رویہ تبدیل نہ ہوا تو اطالوی سپاہیوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
ہفتے کے روز بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنن نے اپنے اطالوی ہم منصب کو فون کر کے کہا کہ مچھیروں کی جانب سے اطالوی جہاز کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔
رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: عدنان اسحاق