بھارتی حملے کا جواب دے دیا، پاکستان کا دعویٰ
7 مئی 2025پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن پر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستانی افواج بھارتی کارروائی کا جواب دے رہی ہیں۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق پاکستان کی فضائیہ نے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ اس بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔ مزید تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ مزيد يہ کہ اس خبر کی فی الحال آزاد ذرائع سے تصديق نہيں ہو پائی ہے۔
پاکستان کی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مقامی ٹیلی وژن کو بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بھی رد عمل کے طور پر میزائل بھارتی سرزمین سے داغے گئے تھے اور کوئی بھی بھارتی طیارہ پاکستان فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا تھا۔ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے اسے ایک 'بزدلانہ حملہ‘ قرار دیا ہے۔
بھارت نے کہا ہے کہ اس کارروائی ميں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گيا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے دعوی کيا کہ ان کی جانب سے پاکستان میں ان نو مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جو بھارت کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ہو رہے تھے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی انتہائی محتاط انداز میں کی گئی ہے اور اس دوران پاکستانی فوج کے کسی بھی مرکز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ مزید کہا گیا کہ بھارت کا یہ عزم ہے کہ پہلگام حملے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
دونوں ممالک کے درميان کشیدگی گزشتہ مہینے اس وقت بڑھی، جب دہشت گردوں نے بھارتی زير انتظام کشمیر کے تفريحی علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کیا۔ بھارت نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی جبکہ اسلام آباد نے اس بھارتی الزام کو مسترد کر دیا تھا۔